0
Monday 17 Sep 2012 21:58

مجلس وحدت اور آئی ایس او کا مظاہرہ، کارکنوں نے امریکی قونصلیٹ پر اپنا پرچم لہرا دیا

مجلس وحدت اور آئی ایس او کا مظاہرہ، کارکنوں نے امریکی قونصلیٹ پر اپنا پرچم لہرا دیا
اسلام ٹائمز. پنجاب کے صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں گستاخانہ فلم کیخلاف پرتشدد مظاہروں کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔ لاہور میں مجلس وحدت مسلمین اور امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے کارکن تمام رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے امریکن قونصلیٹ کے قریب پہنچ گئے، تاہم پولیس نے لاٹھی چارج کرتے ہوئے مظاہرین کو اندر داخل ہونے سے روک دیا۔ پولیس کے لاٹھی چارج سے درجنوں مظاہرین زخمی ہوگئے، مظاہرین کی جانب سے امریکن قونصلیٹ کی عمارت اور پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جبکہ پولیس نے بھی جواباً پتھراؤ اور آنسو گیس کے شیل فائر کئے۔

پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ کی وجہ سے علاقہ میدان جنگ بنا رہا، جس سے ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا۔ مظاہرین کی طرف سے دھرنا دئیے جانے کے بعد حالات کنٹرول کرنے کے لئے مختلف تھانوں سے پولیس کی مزید نفری طلب کر لی گئی۔ گستاخانہ امریکی فلم کے خلاف مجلس وحدت اور آئی ایس او کے کارکن علماء کی قیادت میں پریس کلب کے باہر جمع ہوگئے اور احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں گستاخانہ فلم کی شدید مذمت کی گئی۔ مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے عبدالخالق اسدی کی قیادت میں پریس کلب تک ناموس رسالت (ص) نکالی گئی، جس میں نوجوانوں، مرد، بچے اور خواتین کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔

احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر پولیس کی طرف سے امریکی قونصلیٹ کے داخلی دروازوں کو خاردار تاریں بچھا کر اور بیرئیرز لگا کر بند کر دیا تھا۔ مجلس وحدت مسلمین کے سینکڑوں کارکنوں تمام رکاوٹیں عبور کرتے ہوئے امریکن قونصلیٹ کے داخلی دروازے تک پہنچ گئے، تاہم پولیس نے مظاہرین کو مزید آگے بڑھنے سے روکنے کے لئے زبردست لاٹھی چارج شروع کر دیا جس سے درجنوں مظاہرین زخمی ہوگئے۔ اس دوران کچھ مظاہرین دیواروں پر چڑھ گئے اور امریکی پرچم اتار کر نذرآتش کر دئیے اور مجلس وحدت مسلمین کا پرچم لہرا دیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے امریکن قونصلیٹ کی عمارت اور پولیس پر پتھراؤ شروع کر دیا، جسکے جواب میں پولیس نے بھی پتھراؤ اور آنسو گیس کے شیل فائر کئے۔

بعدازاں مظاہرین نے امریکن قونصلیٹ کے باہر دھرنا دیا اور نعرے بازی کرتے رہے۔ اس موقع پر اعلٰی حکام نے صورتحال کنٹرول نہ ہونے پر مختلف تھانوں اور سول لائنز سے بھی پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی۔ مظاہرین اور پولیس میں جھڑپ کی وجہ سے ڈیوس روڈ کا علاقہ میدان جنگ بنا رہا اور شملہ پہاڑی کی اطراف آنیوالی تمام شاہراہیں پر ٹریفک کا نظام کئی گھنٹے تک معطل رہا جسکی وجہ سے گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں لگی رہیں۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کی قیادت کا کہنا تھا کہ ہم امریکہ قونصلیٹ کو نہیں چلنے دیں گے۔ حکومت امریکہ سے تمام تعلقات منقطع کرکے امریکی سفارتی عملے کو ملک بدر کرے اور اپنے سفیر کو واپس بلایا جائے، امریکی ملعون نے نبی کریم (ص) کی شان میں گستاخی کرکے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 196277
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش