0
Wednesday 19 Sep 2012 02:19

امریکی سفارت خانے کو بند کرکے سفیر کو ملک سے نکال دیا جائے، علامہ حافظ نوری

امریکی سفارت خانے کو بند کرکے سفیر کو ملک سے نکال دیا جائے، علامہ حافظ نوری
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے زیراہتمام توہین رسالت (ص) کے خلاف پریس کانفرنس پریس کلب اسکردو میں منعقد ہوئی۔ شرکاء میں سیکریٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن علامہ حافظ حسین نوری، مرکزی نمائندہ علامہ مبارک الموسوی اور علامہ سید مظاہر حسین الموسوی شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سامراج دنیا کے سب سے بڑے مفسد، عالمِ اسلام کے دشمن، شیطانِ بزرگ امریکہ کے پادری نے عالم بشریت کے محسنِ اعظم پیغمبر اسلام (ص) کی شانِ اقدس میں گستاخی پر مبنی فلم بنا کر دنیا کے پونے دو ارب مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ 

ہم امریکہ میں ہونے والے اس قبیح فعل کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اسے عالم اسلام کے خلاف ایک سوچی سمجھی سازش اور اسلام مخالف مہم کا حصہ سمجھتے ہیں، نبی پاک (ص) کی توہین سے دنیا کے تمام باضمیر لوگوں کے دلوں کو زک پہنچی ہے۔ آج ہم سوگ میں اور غمزدہ ہیں۔ اس فلم کی تیاری ثابت کرتی ہے کہ امریکہ دنیا میں انسانیت کے نام پر ایک بدنما داغ ہے۔ امریکہ کا نظام نہ فقط احمقانہ ہے بلکہ شیطان صفت لوگوں کے ہاتھوں میں ہے، وہ دن دور نہیں کہ خداوند کریم کے قہر و عذاب سے یہ ظالمانہ نظام درہم برہم ہو کر رہے گا۔

علامہ حافظ نوری نے کہا کہ شان رسالت (ص) میں گستاخی کرنے والوں کو اس پاک سرزمین پر رہنے کا کوئی حق نہیں، کیونکہ اس دھرتی کو ہم نے اسلام کے نام پر حاصل کیا ہے۔ لہذا حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لیتے ہوئے اور امریکی ناپاک عزائم کو سمجھتے ہوئے اپنے اقتدار کو حرمتِ رسول (ص) پر قربان کرنا ہوگا اور امریکی سفارت خانے کو بند کرکے سفیر کو ملک سے نکال دینا ہوگا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں امریکی توہین آمیز فلم کے خلاف مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے پرامن احتجاج کے دوران پولیس نے امریکی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے نہتے مظاہرین پر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجہ میں ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی کے بھائی اور ایم ڈبلیو ایم کراچی ڈسٹرکٹ ایسٹ کے سیکریٹری اطلاعات سید علی رضا تقوی شہید اور 8 افراد زخمی ہوئے۔ پولیس گردی کا یہ واقعہ ڈی آئی جی کراچی اور آئی جی سندھ کی موجودگی میں ہوا۔ ہم پولیس گردی کے اس افسوسناک واقعہ کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ڈی آئی جی کراچی اور آئی جی سندھ کو فی الفور معطل کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ پولیس کے یہ دونوں افسران امریکی ایجنٹ ہیں اور امریکی مفادات کے لیے کام کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 196308
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش