0
Sunday 23 Sep 2012 20:25

گستاخانہ فلم کیخلاف احتجاجی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، فضل کریم

گستاخانہ فلم کیخلاف احتجاجی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، فضل کریم
اسلام ٹائمز۔ جامعہ برکات العلوم مغلپورہ میں ناموسِ رسالت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ امریکا آزادئ اظہار کے نام پر توہین رسالت (ص) کرنے والوں کو تحفظ دینے سے باز آ جائے، گستاخانہ فلم کے خلاف احتجاجی تحریک کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے،ناموسِ رسالت (ص) کے مسئلہ پر مصلحتوں کا شکار سیاستدان عوامی نفرت کا نشانہ بنیں گے، بعض شرپسند عناصر پرتشدد کارروائیوں کے ذریعے ناموسِ رسالت (ص) کی تحریک کا تقدس پامال کر رہے ہیں، گستاخانہ فلم پر مسلم حکمران دو ٹوک مؤقف اختیار کریں۔

صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ اور امریکہ کو مقدس شخصیات کی شان میں گستاخی کے خلاف قانون سازی کرنا پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکا ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے مجرم ان کے حوالے کرے، اُمت مسلمہ کے خلاف تاریخ کی بدترین دہشت گردی کے لیے امریکا کی سرزمین استعمال ہوئی ہے، جس طرح امریکا پاکستان اور افغانستان سے اسامہ مانگتا رہا، اسی طرح مسلمان ممالک بھی امریکا سے گستاخانہ فلم بنانے والے دہشت گرد طلب کریں۔ انہوں نے کہا کہ مغرب اور امریکا کا دہرا معیار کھل کر سامنے آ گیا ہے، کیونکہ ہولوکاسٹ کی سزا ہے لیکن توہین رسالت کو جرم قرار نہیں دیا جا رہا۔

صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ یوم عشق رسول (ص) کے موقع پر پاکستان کے صرف تین شہروں میں پرتشدد واقعات ہوئے، جبکہ پورے پاکستان کے سینکڑوں چھوٹے بڑے شہروں اور قصبوں میں ہزاروں مظاہرے پرامن رہے، لیکن کروڑوں افراد کے پرامن جلوسوں کو نظرانداز کرکے چند پرتشدد واقعات کو اچھالا جا رہا ہے، جس کا مقصد ناموسِ رسالت (ص) کی تحریک کو بدنام اور ناکام کرنا ہے، لیکن ایمان کی حرارت والے اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ نبی کریم (ص) کی شان میں گستاخی کرنے والے عبرتناک انجام سے دوچار ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ گستاخانہ فلم بنانے والے بھی سزائے موت سے نہیں بچ سکیں گے، کیونکہ غازی علم الدین شہید اور عامر چیمہ شہید کی تلواریں شاتمانِ رسول کے سر پر لٹک رہی ہیں۔ صاحبزادہ فضل کریم نے کہا کہ نبی کریم (ص) سے محبت مومن کی معراج ہے، اپنے جان و مال، والدین اور اولاد سے بڑھ کر حضور اکرم (ص) سے محبت کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک تیل کو اقتصادی ہتھیار کے طور پر استعمال کریں اور امریکا کا سفارتی و تجارتی بائیکاٹ کرکے اسے گستاخانہ فلم پر پابندی لگانے اور مجرموں کو سزا دینے پر مجبور کریں۔
خبر کا کوڈ : 197991
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش