0
Tuesday 2 Oct 2012 17:43

قوم پرستوں کا مقصد ایجنسیوں کی ایماء پر سندھ میں بھائی کو بھائی سے لڑانا ہے، رابطہ کمیٹی

قوم پرستوں کا مقصد ایجنسیوں کی ایماء پر سندھ میں بھائی کو بھائی سے لڑانا ہے، رابطہ کمیٹی
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے سندھ بھر کے تمام امن پسند عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ نام نہاد قوم پرستوں کی جانب سے احتجاج اور ہڑتال کے ذریعے سندھ کا امن تباہ کرنے کی گھناؤنی کوشش کو اپنے اتحاد سے ناکام بنادیں۔ اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ سندھ کے کروڑوں عوام کی نمائندہ جماعتوں نے سندھ کے عوام کے مفاد میں سندھ پیپلز لوکل گورنمنٹ سسٹم تیار کیا ہے تاکہ سندھ کے عوام کو نچلی سطح تک اختیارات منتقل ہوسکیں لیکن نام نہاد قوم پرست عناصر جن کا سندھ میں کبھی ایک کونسلر تک کامیاب نہیں ہوا اور جنہیں کبھی چند سو ووٹ بھی نہیں ملے اور جن کے بارے میں سندھ کا ہر باشعور فرد اچھی طرح جانتا ہے کہ یہ نام نہاد قوم پرست اسٹیبلشمنٹ کے پے رول پر ہیں وہ ہمیشہ سے ہر اس اقدام کی مخالفت کرتے ہیں جو سندھ دھرتی اور اس کے باسیوں کے عظیم تر مفاد میں ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہی وجہ ہے کہ سندھ دشمن قوتوں کی ایماء پر اب یہ نام نہاد قوم پرست عناصر سندھ میں بلدیاتی نظام کی مخالفت کر رہے ہیں اور احتجاج اور ہڑتال کی آڑ میں سندھ دھرتی کا امن تباہ کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔ ان نام نہاد قوم پرستوں کا مقصد سرکاری ایجنسیوں کی ایماء پر سندھ کے مستقل باشندوں کے درمیان نفرتوں کی دیواریں کھڑی کرنا، بھائی کو بھائی سے لڑانا اور سندھ دھرتی کا امن غارت کرنا ہے۔ رابطہ کمیٹی نے سندھ کے تمام امن پسند عوام سے اپیل کی کہ وہ ان سندھ دشمن عناصر کی ہنگامہ آرائی اور تشدد کی کارروائیوں میں ہرگز شریک نہ ہوں اور اپنے اتحاد سے ان کی ہڑتال کو ناکام بنا دیں اور سندھ دھرتی کا امن ہر قیمت پر قائم رکھیں۔
خبر کا کوڈ : 200338
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش