0
Sunday 7 Oct 2012 20:10

وزیرستان کے لوگوں کی آواز پوری دنیا تک پہنچا دی ہے، عمران خان

وزیرستان کے لوگوں کی آواز پوری دنیا تک پہنچا دی ہے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ صدر آصف علی زرداری سونامی سے ڈرو، سونامی وزیرستان جا سکتی ہے تو اسلام آباد بھی جا سکتی ہے، امریکا کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ جتنے ڈرون حملے کرو گے پاکستان کے لوگ تم سے اتنی ہی نفرت کریں گے، پاکستانی قوم کسی کے سامنے جھکنے والی نہیں۔ قبائلی علاقوں میں امریکی ڈرون حملوں کے خلاف تحریک انصاف کا امن مارچ ٹانک پہنچا تو سکیورٹی خدشات کے باعث مارچ کو جنوبی وزیرستان جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔ 

ٹانک میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ڈرون حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، امریکا ہمیں ڈرون حملوں سے ڈرا نہیں سکتا، پاکستانی قوم کسی کے سامنے نہیں جھکتی۔ امریکا جتنے ڈرون حملے کرے گا پاکستان میں اس کے خلاف اتنی ہی نفرت بڑھے گی، کیونکہ قبائلیوں نے آج تک کسی کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ ڈرون حملے انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔ خطاب کے دوران انہوں نے پاکستان حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ عمران خان نے صدر آصف علی زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سونامی سے ڈرو، سونامی وزیرستان جا سکتی ہے تو اسلام آباد بھی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں سے سچ بولو، امریکا کو کچھ اور پاکستانی عوام سے کچھ کہا جاتا ہے۔ ہم اپنی حکومت کو کہتے ہیں کہ دوغلی پالیسی بند کرے۔ 

انہوں نے فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے ہمیں ڈرانے کی بہت کوشش کی، مولانا فضل الرحمان اگر آپ نے عوام کی خدمت نہیں کرنی تو کم از کم ہمیں تو کرنے دیں۔ عمران خان نے کہا کہ قبائلی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے بیرون ملک سے نمائندے آئے ہیں، جان کے خطرے کے باوجود لوگ ہمارے ساتھ آئے، عمران خان کا کہنا تھا خدا کا شکر ہے کوئی حادثہ نہیں ہوا کارکنوں کی فکر تھی تحریک انصاف کے شیر کاغذی شیر نہیں بلکہ اصلی شیر ہیں۔ امن مارچ میں شرکت کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتا ہوں، سب کچھ خیریت سے ہونے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔  ان کا کہنا تھا کہ اگلے انتخابات میں تحریک انصاف کلین سویپ کر کے وزیرستان کے عوام سے محبت کا رشتہ قائم کریں گے اور انگریزوں کا بنایا ہوا ایف سی آر قانون ختم کردیں گے۔ پوری دنیا میں جنوبی وزیرستان کے عوام کی آواز پہنچا دی ہے کوٹ کئی پہنچنا چاہتے ہیں لیکن فوج نے پیغام بجھوایا کہ اندھیرے میں وزیرستان رہنا خطرہ تھا۔ عمران خان نے کہا غیر ملکی جان کے خطرے کے باوجود امن مارچ میں شریک ہوئے، تحریک انصاف کا کوئی پارٹی مقابلہ نہیں کر سکتی۔ 

انہوں نے کہا ڈرون حملے عالمی قوانیں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہیں اور دہشت گردی کے نام پر ہزاروں لوگوں کو پکڑا گیا۔ حکومت ڈرون حملوں میں مرنے والوں کے نام منظر عام پر لائے۔ دریں اثنا تحریک انصاف کا امن مارچ وزیرستان کی جانب رواں دواں تھا کہ پاک فوج کی جانب سے اسے کوڑ چیک پوسٹ پر روک لیا گیا تھا۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنمائوں کے پاک فوج کے حکام سے مذاکرات بھی ہوئے۔ اس سے قبل موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق پاک فوج نے تحریک انصاف کی امن ریلی کو جنوبی وزیرستان میں داخل ہونے کی اجازت دے دی تھی تاہم بعد میں امن ریلی کو کوڑ چیک پوسٹ سے واپس بھیج دیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کی جانب سے اب ٹانک میں جلسہ عام منعقد کیا گیا امن مارچ میں غیر ملکیوں سمیت خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہے۔ ڈرون حملوں کے خلاف تحریک انصاف کا امن مارچ رات ڈیرہ اسماعیل خان میں پڑاؤ کے بعد صبح ساڑھے نو بجے روانہ ہوا۔ عمران خان کے ساتھ ہزاروں گاڑیوں پر لوگ شریک تھے۔ ان میں عورتیں، بچے، بوڑھے اور نوجوانوں کی کثیر تعداد شامل تھی۔ مختلف شہروں سے آنے والے قافلے بھی امن مارچ میں شامل ہوئے۔ ٹانک کی ضلعی انتظامیہ نے میاں محرم سلطان کے مقام پر بکتر بند گاڑی کھڑی کر کے سڑک بلاک کر رکھی تھی تاہم تحریک انصاف کے کارکن اسے ہٹا کر شہر میں داخل ہو گئے۔
 
دوسری جانب انتظامیہ نے امن مارچ کے شرکا کو مانجھی خیل چیک پوسٹ کے قریب کنٹینر لگا کر روک دیا تاہم بعد میں یہ رکاوٹیں ہٹا دی گئیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں روانگی سے قبل لوگوں سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو ملک میں امن لاسکتی ہے۔ اپنے مشن میں کامیاب ہوچکے ہیں۔ امن مارچ کے شرکاء نے وہ کام کر دکھایا جو اور کوئی سیاسی جماعت نہ کرسکی۔ تحریک انصاف کے سربراہ نے بین الاقوامی میڈیا کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل میڈیا نے بھی ڈرون حملوں کی مذمت کی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ وزیرستان کے لوگوں کی آواز پوری دنیا تک پہنچا دی ہے۔ ڈرون حملوں کے خلاف عالمی رائے عامہ ہموار کرنے کا یہ سنہری موقع ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے کہا ہے کہ قافلے پر حملے کا خطرہ ہے لیکن ہم آگے ضرور جائیں گے۔ عوام کا جنون دیکھ کر کہہ سکتا ہوں کہ ہمیں وزیرستان جانے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
خبر کا کوڈ : 201685
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش