0
Sunday 14 Oct 2012 20:33
مجلس وحدت ایک بڑی سیاسی قوت کے طور پر سامنے آئیگی

ملالہ پر حملے کا مقصد عالم اسلام کی توجہ ناموس رسالت (ص) کی تحریک سے ہٹانا ہے، علامہ ناصر عباس

ملالہ پر حملے کا مقصد عالم اسلام کی توجہ ناموس رسالت (ص) کی تحریک سے ہٹانا ہے، علامہ ناصر عباس
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل ناصر عباس جعفری کا لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اللہ کی ذات پر بھروسہ کرنے کی بجائے مغرب پر بھروسہ کرنے والے حکمرانوں نے ملک اور قوم کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، اب وہ دن دور نہیں جب انقلاب فرانس جیسے حالات پاکستان میں پیدا ہوں، کیونکہ حکمرانوں کی بے حسی اس حد تک بڑھ گئی ہے کہ وہ عوام الناس کے قتل عام پر بیان دیتے ہیں کہ اس واقعہ کا ہمیں پہلے سے علم تھا، گویا ان کے قاتلوں سے بھی رابطے ہیں اور مقتولین کو بھی جھوٹے وعدے اور اخباری بیانات سے دل بہلا کر اپنے اقتدار کو طول دینے اور ملک و قوم کے وسائل ہڑپ کرنے میں مصروف ہیں۔

اس موقع پر مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پاکستان علامہ محمد امین شہیدی، سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی، مرکزی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصر عباس شیرازی سمیت علماء کی کثیر تعداد موجود تھی۔ راجہ ناصر عباس نے صحافیوں کے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کو جن مسائل کا سامنا ہے، اس سے آپ بخوبی واقف ہیں اور روز بروز بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری، لوڈشیڈنگ، دہشت گردی یہ سب ہمارے نالائق حکمرانوں کا وہ کارنامہ ہے جو غریب عوام عذاب کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ ناموس رسالت (ص) کی تحریک میں سب سے پہلے قربانی ہمارے کارکن نے دی ہے اور اس میں ہمارے کارکنان نے کامیاب اور پرامن مظاہرے کئے اور شیطان بزرگ امریکہ کے سفارت خانوں پر لبیک یارسول اللہ (ص) کے پرچم لہرا کر ثابت کر دیا کہ ذات رسالت مآب (ص) پر ہم اپنی جانیں نچھاور کرنے کو تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہید ناموس رسالت (ص) سید علی رضا تقوی کی شہادت نے پاکستان بھر کے مسلمانوں میں وہ جوش اور ولولہ پیدا کیا کہ پورے پاکستان میں مسلمان سڑکوں پر تھے اور مغرب کے ایوانوں میں لرزہ طاری تھا اور وہ اس تاک میں تھے کہ اس موومنٹ کو کسی طرح ناکام بنائیں، آخر میں شیطانی قوتوں کو عین اس وقت اپنے مہرے کام آگئے اور انہوں نے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے جو غلیظ کارنامہ سر انجام دیا وہ آپ کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ یوسف زئی ہماری بیٹی ہے اور اس معصوم بچی پر حملہ کرنے والوں کو ہم مسلمان تو درکنار انسان بھی نہیں سمجھتے، دراصل ان درندوں نے اس بچی کو ایک خاص مقصد کے تحت نشانہ بنایا، جس کے حقائق سے لوگ بے خبر ہیں۔

علامہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ دراصل پاکستان سمیت دنیا بھر میں مغربی ممالک گستاخانہ فلم پر مسلمانوں کے غیض و غضب کا شکار تھے، پاکستان میں ناموس رسالت(ص) کی تحریک میں روز بروز شدت آ رہی تھی، عین اسی وقت امریکہ و اسرائیلی ایجنٹوں کو یہ ٹاسک دیا گیا کہ وہ ملالہ یوسف زئی کو نشانہ بنائیں، کیونکہ یہ تکفیری گروہ ہر وقت اسلام کو بدنام کرنے اور طاغوتی طاقتوں کے منصوبوں کو دوام بخشنے میں مصروف رہتے ہیں، بالآخر وہی ہوا کہ ان ظالموں نے اس بچی کو نشانہ بنایا اور میڈیا سمیت تمام ذرائع ابلاغ کا رخ ناموس رسالت (ص) کی تحریک سے ہٹانے کی ناکام کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم یہاں یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں ناموس رسالت (ص) کی تحریک کو ہم کبھی نہیں دبنے دیں گے بلکہ یہ تحریک اس وقت تک جاری رہے گی، جب تک ملعونوں کو اپنے انجام تک نہیں پہنچایا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل اصل میں دنیا بھر کے تمام انسانوں کے مجرم ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب یہ مجرم اپنے انجام کو پہنچ جائیں گے اور دنیا میں امن اور عدل کی حکمرانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اسرائیل جس کو اپنی ٹیکنالوجی پر فخر تھا، اس کی اب نیندیں حرام ہوچکی ہیں، جب سے مٹھی بھر مجاہدین حزب اللہ لبنان کے ڈرون طیارے نے ان کے جدید ٹیکنالوجی سے لیس دفاعی ساز و سامان سے لیس اداروں کو حیرت میں ڈال دیا کہ شہید ایوب نامی حزب اللہ کے ڈرون طیارے نے اپنا مشن مکمل کیا اور تمام تفصیلات ان کے مواصلاتی سنٹر تک پہنچائیں اور واپسی پر اسے مار گرایا گیا۔

علامہ ناصر عباس نے کہا کہ اگر پاکستان کے حکمران بھی اسلامی اصولوں پر عمل کرتے ہوئے اللہ کے سوا کسی کو حاکم نہ مانتے تو دنیا کے ان ممالک میں شمار ہوتے جو ایٹمی طاقت رکھتے ہیں، اس کے باوجود ہم اغیار کے سامنے بے بس کیوں ہیں۔؟ پاکستان کی عوام محب وطن اور جری قوم ہے لیکن اس قوم کا المیہ رہا ہے کہ ان کو قائداعظم محمد علی جناح کے بعد کوئی بھی لیڈر ایسا نہیں ملا جو اس قوم کے مستقبل اور وطن کی ترقی کے لئے کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ پاکستان کی سیاست میں مجلس وحدت مسلمین ایک بڑی سیاسی قوت کے طور پر سامنے آئے گی اور بھرپور اپنا سیاسی کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان سے لے کر چاروں صوبوں میں مجلس وحدت مسلمین کو پاکستان کی سیاسی جماعتوں نے ایک سیاسی قوت تسلیم کیا ہے اور الحمداللہ ہم پور ے پاکستان بشمول گلگت بلتستان میں اپنا سیاسی اثر و رسوخ رکھتے ہیں، کسی بھی امیدوار کی ہار جیت میں انشاءاللہ ہمارا بھرپور کردار ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی سطح پر کچھ دنوں پہلے ایک خبر اخباروں میں شائع ہوئی ہے کہ ایک سیاسی پارٹی نے کالعدم دہشت گرد جماعت سے سیاسی اتحاد کیا ہے، ہم یہاں یہ بات واضح کرنا چاہتے ہیں کہ پنجاب سمیت پاکستان بھر میں دہشت گرد جماعتوں کے حمایت یافتہ پارٹیوں کے خلاف مجلس وحدت مسلمین ووٹ کی طاقت کے ساتھ بھرپور مقابلہ کرے گی۔

علامہ ناصر عباس نے کہا کہ دہشت گرد جو کہ پاکستانی اساس کے دشمن ہیں، کو ہم سیاسی طاقت کے ساتھ ایوانوں میں جانے سے روکیں گے، ہم تمام سیاسی جماعتوں کو تنبیہ کرتے ہیں کہ جن جن جماعتوں کا تعلق کالعدم دہشت گرد جماعت اور تکفیری گروہ سے ہوگا ان کے ہر امیدوار کو پاکستان بھر کے تمام حلقوں میں شیعہ ووٹ سے محروم کریں گے اور ہم اپنی سیاسی قوت کے ساتھ مستحکم پاکستان کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں سے ہمارا رابطہ ہے اور مستقبل کے لائحہ عمل پر مشاورت جاری ہے۔
خبر کا کوڈ : 203581
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش