0
Tuesday 23 Oct 2012 03:46

جماعت اسلامی نے تاجروں اور صنعتکاروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا

جماعت اسلامی نے تاجروں اور صنعتکاروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر محمد حسین محنتی نے بھتہ خوری کے خلاف تاجروں اور صنعتکاروں کے احتجاج اور ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اس کی بھرپور تائید کی ہے اور کہا ہے کہ بھتہ خوروں نے صنعت کاروں اور تاجروں کیلئے کاروبار جاری رکھنا مشکل کردیا ہے، بھتہ خوری کے نتیجے میں کراچی کی معاشی اور اقتصادی سرگرمیاں ماند ہوکر رہ گئی ہیں، صنعتیں بیرون شہر اور بیرون ملک منتقل ہو رہی ہیں جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر بے روزگاری پھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کا یہ کہنا کہ بھتہ خوری میں حکمران اتحاد کی مسلح ونگ ملوث ہیں، بالکل درست ہے۔ ایک جانب بھتہ خوروں کا یہ ٹولہ بڑے پیمانے پر بھتہ بھی وصول کرتا ہے جب کہ دوسری جانب یہی گروہ اسمبلی میں بھتہ خوروں کے خلاف آواز بلند کرتا ہے۔ تاجروں کے اس بیان کے بعد حکومت کو بھی اپنی آنکھیں کھولنی چاہییں اور بھتہ خوروں کے خلاف سیاسی مصلحت سے بالاتر ہوکر کارروائی کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جس شہر میں بھتہ نہ دینے پر تین سو سے زائد مزدوروں کو زندہ جلا دیا جائے اس شہر میں صنعتی اور اقتصادی سرگرمیاں کیونکر فروغ پائیں گی؟ محمد حسین محنتی نے کہا کہ تاجروں نے جس جرات کا مظاہرہ کیا ہے، پوری قوم ان کے ساتھ ہے۔ تاجر بلا خوف و خطر اصل بھتہ خوروں کے چہرے کو بے نقاب کریں تاکہ ان کے لئے کاروبار جاری رکھنا ممکن ہوسکے۔ اگر بھتہ خوروں کی دھونس دھمکی کو مسترد کرکے ان کے خلاف بھرپور آواز نہیں اٹھائی گئی تو یہ بھتہ خور صرف کاروبار ہی جاری رکھنا مشکل بنائیں گے بلکہ جینا بھی دوبھر کردیں گے۔ اگر ایک بار تاجر برادری متحد ہوکر سڑکوں پر نکل آئی تو انہیں ہمیشہ کیلئے بھتہ خوروں سے نجات مل جائے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت تاجروں کو بھتہ خوروں سے نجات دلانے کیلئے ان کے مطالبات پورے کرے تاکہ تاجر برادری آزادانہ ماحول میں کاروبار جاری رکھ سکیں۔
خبر کا کوڈ : 205841
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش