0
Saturday 3 Nov 2012 16:32

مجلس عمل ختم ہوئے 5 سال گزر گئے، عوام امریکہ نواز سیاستدانوں کو ہرگز ووٹ نہ دیں، سید منور حسن

مجلس عمل ختم ہوئے 5 سال گزر گئے، عوام امریکہ نواز سیاستدانوں کو ہرگز ووٹ نہ دیں، سید منور حسن
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سید منور حسن کا کہنا ہے کہ عوام امریکہ نواز سیاستدانوں کو ووٹ نہ دیں، 4 جماعتوں کی جانب سے ایم ایم اے کو بحال کرنے کے اعلان کو مذہبی جماعتوں کے اتحاد میں رخنہ ڈالنا تصور کیا جائے گا، زرداری سے ہاتھ ملانا سیکولرازم اور امریکہ سے ہاتھ ملانے کے مترادف ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے زیراہتمام پشاور میں منعقدہ ’’علماء و مشائخ‘‘ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ مجلس عمل کو ختم ہوئے 5 سال گزر چکے ہیں، اب 4 جماعتوں کی جانب سے اس کو بحال کرنے کا اعلان مذہبی جماعتوں کے اتحاد میں رخنہ ڈالنا تصور کیا جائے گا، ہم اصرار کر رہے ہیں کہ اس اتحاد کو بحال کرنے سے پہلے اس کے بے حال ہونے کی وجوہات کا تعین کیا جائے۔
 
انہوں نے کہا کہ جو جماعتیں ایم ایم اے میں شامل نہیں تھیں ان سے ہمیں کیا اختلاف ہے؟ ہمیں ذاتی پسند ناپسند کے بتوں کو توڑنا ہوگا، مجلس عمل سیکولرازم کو قبول نہیں کرسکتی، زرداری سے ہاتھ ملانا سیکولرازم اور امریکہ سے ہاتھ ملانے کے مترادف ہے۔ منور حسن نے اپنے مختصر خطاب میں مزید کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا کو گزشتہ 5 سالوں میں سب سے زیادہ سزاء ملی، کیونکہ پشتونوں کا جرم یہ تھا کہ انہوں نے برطانیہ اور روس کو شکست دی اور آج افغانستان کے ہر پہاڑ پر گو امریکہ گو لکھا ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ مرکزی حکومت نے بھی ڈالز کمائے اور صوبائی حکومت نے بھی۔ جن لوگوں کو اقتدار ملا انہوں نے ٹارگٹ کلنگ، مہنگائی اور بدامنی کے تحفے دیئے۔
 
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کشمیر کاز کو سب سے زیادہ نقصان کشمیر کی پارلیمانی کمیٹی نے پہنچایا، ہونا تو یہ چاہیئے تھا کہ 28 اکتوبر کو جب کشمیر میں یوم سیاہ منایا گیا تو پاکستان میں بھی یوم سیاہ منایا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ ذمہ داریاں ادا نہیں کرسکتے، انہیں ذمہ داریاں چھوڑ دینی چاہیئں۔ صوبہ بھر کے علماء و مشائخ یہ پیغام منبر و محراب کے ذریعے عوام تک پہنچائیں کہ وہ اپنا مستقبل بہتر بنانے کیلئے آئندہ عام انتخابات میں اہل اور دین دار لوگوں کو ووٹ دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امریکہ کی شکست یقینی ہوچکی ہے، عوام امریکہ نواز سیاستدانوں کو ہرگز ووٹ نہ دیں۔
خبر کا کوڈ : 208719
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش