0
Friday 9 Nov 2012 18:10

کراچی میں طالبان کا انکار کرکے آفتاب شیرپاؤ پوری قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں، رابطہ کمیٹی

کراچی میں طالبان کا انکار کرکے آفتاب شیرپاؤ پوری قوم کو دھوکہ دے رہے ہیں، رابطہ کمیٹی
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ارکان مصطفی عزیزآبادی، محمد اشفاق اور قاسم علی رضا نے قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد شیرپاؤ کے بیان پر جس میں کہا گیا ہے کہ طالبان کراچی میں موجود نہیں ہیں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آفتاب شیرپاؤ سفید جھوٹ بول کر کراچی کے دو کروڑ عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ کراچی میں طالبان کی موجودگی سے انکار کرکے آفتاب احمد شیرپاؤ پوری قوم کو دھوکہ دینے کی شرمناک کوشش کررہے ہیں جبکہ پوری دنیا اس حقیقت سے واقف ہے کہ کراچی میں دہشت گردی، قتل وغارت گری، اغواء برائے تاوان، فوجی تنصیبات پر حملے اور دہشت گردی کی دیگر وارداتوں میں کون ملوث ہے ۔انہوں نے آفتاب شیرپاؤ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج نارتھ ناظم آباد کے علاقے میں سچل رینجرز کے ہیڈ کوارٹرز میں جو خودکش حملہ کیا گیا اگر وہ طالبان کی کارروائی نہیں ہے تو کیا آپ کی جماعت کی کارروائی ہے؟ اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی تسلیم کرلیا جائے کہ آفتاب شیرپاؤ پر جتنے حملے ہوئے ہیں وہ طالبان نے نہیں کیے بلکہ آفتاب شیرپاؤ نے سستی شہرت حاصل کرنے کیلئے خود پرحملے کرائے تاکہ وہ خیبرپختونخواہ کے عوام کو دھوکہ دے سکیں کہ وہ طالبان سے ملے ہوئے نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسی طرح کیا یہ بھی تسلیم کرلیا جائے کہ خیبرپختونخواہ میں عوامی نیشنل پارٹی کے رہنماؤں کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کا عمل آفتاب شیرپاؤ اور طالبان کی مشترکہ کارروائی ہے؟ مصطفی عزیزآبادی، محمد اشفاق اور قاسم علی رضا نے کہا کہ کراچی میں بدامنی کیس کے حوالہ سے سپریم کورٹ آف پاکستان نے اپنے حالیہ فیصلے میں کہا ہے کہ کراچی میں طالبان کی موجودگی کا سنجیدگی سے نوٹس لیا جائے اور طالبان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ ان حقائق کے باوجود آفتاب شیرپاؤ کی جانب سے کراچی میں طالبان کی موجودگی سے انکار کرنا پوری قوم کوگمراہ کرنے کے مترادف ہے اور قرآن مجید میں آفتاب شیرپاؤ جیسے لوگوں کے لئے فرمایا گیا ہے کہ جھوٹوں پر اللہ کی لعنت۔
خبر کا کوڈ : 210510
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش