0
Thursday 22 Nov 2012 08:02

ڈی ایٹ کانفرنس خوش آئند اقدام ہے، علامہ ساجد نقوی

ڈی ایٹ کانفرنس خوش آئند اقدام ہے، علامہ ساجد نقوی
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل کے سینئر نائب صدر علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ ڈی ایٹ ممالک کی کانفرنس کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے، مسلم ممالک امت مسلمہ کے مسائل کیلئے اپنا کردار ادا کریں، ڈی ایٹ ممالک مسئلہ فلسطین وکشمیر کو اقوام متحدہ سمیت تمام فورمز پر اٹھائیں، غزہ میں اسرائیلی جارحیت پر صرف مذمتی بیانات نہ دیئے جائیں عملاً بھی کردار ادا کیا جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی ایٹ کانفرنس کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں انعقاد کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ خصوصاً پاکستان اس وقت شدید مسائل کا شکار ہے ایسے حالات میں ڈی ایٹ ممالک کی کانفرنس کا انعقاد خوش آئند ہے مگر اس کانفرنس کے اثرات بھی نظر آنے چاہیئں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت امت مسلمہ کے دیگر مسائل بالخصوص مسئلہ فلسطین و کشمیر حل طلب ہیں جہاں ظالم و جابر اپنے ظلم کے پہاڑ ان بے گناہ و مظلوم افراد پر توڑ رہاہے جبکہ مسلمانوں قبلہ اول یہودیوں کے زیر عتاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ممالک ان مسائل کے حل کیلئے سر جوڑ کر بیٹھیں اور اس حوالے سے او آئی سی اور اقوام متحدہ پر دباؤ بڑھائیں تاکہ امت مسلمہ کو ظالموں کے چنگل سے آزادی دلائی جاسکے۔

اس موقع پر انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ میں اتحاد نہ ہونے کے باعث مسلمان فلسطین، کشمیر، میانمار، بھارت سمیت دیگر ملکوں میں ظلم و بربریت کا شکار ہے ان تمام مسائل کا واحد اتحاد و وحدت میں پنہاں ہے اس لئے ضروری ہے اسلامی ممالک کے سربراہان اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کریں۔

علامہ سید ساجد علی نقوی نے زور دے کر کہاکہ غزہ میں اس وقت اسرائیل کی جارحیت و ظلم کی مثال دنیا میں نہیں ملتی اس معاملے پر مسلم ممالک کے سربراہان صرف مذمتی بیانات کی حد تک نہ رہیں بلکہ عملاً کردار ادا کریں تاکہ مظلوم فلسطینی عوام کو امت مسلمہ کی تائید و مدد حاصل ہو۔ اس موقع پر انہوں نے انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں کی مجرمانہ خاموشی پر اظہار تاسف کرتے ہوئے کہاکہ اس کو غزہ ومیانمار اور کشمیر سمیت دیگرخطوں میں مسلم امہ پر ہونے والے مظالم کیوں نظر نہیں آتے اور اس حوالے سے کیوں انسانی حقوق کی تنظیموں نے اپنے لب سی لئے ہیں اس سے ان کی دوغلی پالیسی بھی عیاں ہے۔
خبر کا کوڈ : 214134
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش