0
Thursday 22 Nov 2012 23:40

ڈی 8 کانفرنس کا اعلامیہ جاری، تعاون بڑھانے پر اتفاق، جی 20 سے رابطے بہتر بنانیکا اعلان

ڈی 8 کانفرنس کا اعلامیہ جاری، تعاون بڑھانے پر اتفاق، جی 20 سے رابطے بہتر بنانیکا اعلان
اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد میں ڈی ایٹ کانفرنس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا، جس میں رکن ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ڈی ایٹ کانفرنس کے اعلامیے میں امن، جمہوریت، برداشت اور اعتدال پسندی کو فروغ دینے کا عزم ظاہر کیا گیا ہے۔ رکن ممالک اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دیں گے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ اقتصادی ترقی اور عوام کا بہتر معیار زندگی صرف جمہوریت بنا سکتی ہے۔ اسلام آباد ڈی ایٹ کانفرنس کے اعلامیہ میں گلوبل وژن بھی شامل ہے۔ ڈی ایٹ ممالک جی 20 تنظیم سے اپنے روابط کو بہتر بنائیں گے۔ اعلامیہ کے مطابق اقوام متحدہ کی طرز پر مسائل کثیر القومی نظام کے تحت حل کئے جائیں گے۔ او آئی سی، ای سی او، آسیان، سارک اور عرب لیگ سے تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ ڈی ایٹ ممالک اسلامی بینکاری سے بھرپور استفادہ کریں گے۔ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے زراعت کو فروغ دیا جائے گا۔ صنعتی شعبے میں تعاون کے لئے مشترکہ منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ اعلامیہ میں جمہوریت کے ذریعے امن اور خوشحالی کے موضوع کے انتخاب پر پاکستان کی تعریف کی گئی۔

دیگر ذرائع کے مطابق ڈی ایٹ کانفرنس میں منظور کیے گئے پینتیس نکات پر مشتمل اسلام آباد چارٹر میں کہا گیا ہے کہ رکن ممالک معاشی ترقی اور معشیت کے فروغ کیلئے مل کر کام کریں گے۔ امن، جمہوریت اور برداشت تمام رکن ممالک کی مشترکہ اقدار ہیں۔ ڈی ایٹ چارٹر کو اعلامیہ کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ معاشی ترقی کیلئے گلوبل ویژن کی دستاویز بھی اعلامئے میں شامل ہے۔ اعلامئے کے مطابق رکن ممالک نے استبول سے اسلام آباد تک باہمی روابط کے ذریعے مشترکہ مفادات حاصل کرنے جبکہ غذائی قلت، قدرتی آفات اور انتہا پسندی کیخلاف ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

اعلامئے کے مطابق رکن ممالک نے تیز تر معاشی ترقی کیلئے جی ٹوئینٹی تنظیم سے روابطہ مضبوط بنانے، توانائی کے شعبے میں ملکر کام کرنے اور جمہوریت و بہتر طرز حکمرانی کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ اعلامئے کے مطابق رکن ممالک کے نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کیلئے انفارمیشن بیسڈ سوسائٹی کیلئے کام کیا جائے گا جبکہ انجینئرنگ، صنعت اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں وفود کے تبادلے بھی ہوں گے۔ رکن ممالک کی تجارتی تنظیموں کے درمیان روابطہ بہتر بنانے کیلئے ڈی ایٹ وزارتی کمیشن کام کرے گا اور آئندہ کانفرنس کے انعقاد تک رکن ممالک کے ایوان ہائے صنعت و تجارت ایک دوسرے سے رابطے میں رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 214455
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش