0
Monday 26 Nov 2012 22:41

عاشورا پر پنجاب بھر سے 35 دہشت گردوں کو گرفتار کیا، آئی جی پنجاب

عاشورا پر پنجاب بھر سے 35 دہشت گردوں کو گرفتار کیا، آئی جی پنجاب
اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب محمد حبیب الرحمان نے پولیس کلب لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں تقریبا کل 37 ہزار 2 سو 49 مجالس منعقد ہوئیں اور 9 ہزار 1 سو 36 جلوس نکالے گئے جن کی سیکیورٹی کے لئے 1 لاکھ 18 ہزار 3 سو 8 افسران اور پولیس اہلکاروں نے ڈیوٹی ادا کی۔ جن میں پولیس فورس کے 78 ہزار 9 سو 30، ایلیٹ پولیس فورس کے 8 ہزار 7 سو 80، پولیس رضا کار 17 ہزار 8 سو 8، جبکہ سپیشل پولیس کے 12 ہزار 7 سو 90 افسران و اہلکار شامل تھے۔

انہوں نے کہا کہ اسی طرح کسی بھی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لئے آرمی کے 69 اور رینجرز کے35 دستوں کو سٹینڈ بائی رکھا گیا تھا اس کے علاوہ پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں سینئر ترین افسروں پر مشتمل 36 ٹیموں نے سیکیورٹی کے فرائض ادا کیے۔ صوبائی پولیس سربراہ نے مزید بتایا کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کو نشانہ بنانے کی کوششوں کو ناکام بنا تے ہوئے لاہور، گجرات، فیصل آباد، سرگودھا، وہاڑی، لیہ اور ملتان سے 35 مشتبہ دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔جن میں سے لاہور سے03، گجرات سے 02، فیصل آباد سے 04، سرگودھا سے 06، وہاڑی سے 01، لیہ سے 09 اور ملتان سے 10 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔

آئی جی پنجاب نے بتایا کہ سرگودھا سے گرفتار کیے گئے مشتبہ افراد کا تعلق باجوڑ اور خیبر ایجنسی سے ہے جو سرگودھا میں امام بارگاہ کے قریب رہائش پذیر تھے اور 9 اور 10 محرم کے جلوس کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ اسی طرح فیصل آباد سے گرفتار کیے گئے 04 افراد میں ایک خاتون بھی شامل ہے اور ان میں سے ایک پولیس یونیفارم میں تھا اور جنہوں نے تھانہ بلوچنی کی حدود میں واقع امام بارگاہ میں مجلس عزاء اور جلوس کو نشانہ بنانا تھا جسے فیصل آباد پولیس نے کامیاب کارروائی کر کے نہ صرف گرفتار کیا بلکہ ان کے قبضے سے آتشیں اسلحہ 44 بور رائفل معہ 178 گولیاں، 03 میگزین، 35 کارتوس، 01 گول کپہ اور 01 میگزین برآمد کر لیا گیا۔

محمد حبیب الرحمان نے مزید کہا کہ انہیں فخر ہے کہ ان کی فورس نے اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو انتہائی جواں مردی سے خاک میں ملا دیا۔ بعد ازاں لاہور میں ٹی 20 کرکٹ میچز کے بارے میں سیکیورٹی کی فراہمی سے متعلق پوچھے گئے میڈیا کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا کہ لاہور میں حالیہ دنوں منعقد ہونے والے بین الاقوامی سپورٹس فیسٹیول میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے تھے اور جب ٹی20 کے لئے درخواست کی جائے گی تو انشاء اللہ پنجاب پولیس بھرپور سیکیورٹی فراہم کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 215429
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش