0
Tuesday 4 Dec 2012 01:28
مولانا فضل الرحمان صدر زرداری کے غیر اعلانیہ ساتھی ہیں

امریکہ بلوچستان میں چین کی سرمایہ کاری روکنے کیلئے حالات خراب کر رہا ہے، منور حسن

امریکہ بلوچستان میں چین کی سرمایہ کاری روکنے کیلئے حالات خراب کر رہا ہے، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی اقتدار میں آکر ملکی سیاست میں فوج کے عمل دخل کا خاتمہ کریگی، امریکہ بلوچستان میں چین کی سرمایہ کاری روکنے کیلئے حالات خراب کر رہا ہے، مولانا فضل الرحمان اپنی آبائی سیٹ بچانے کیلئے زرداری کے غیر اعلانیہ ساتھی ہیں، جماعت اسلامی کی پہلی ترجیح دینی قوتوں کا اتحاد ہے، اگر ایسا نہ ہوا تو دیگر سیاسی جماعتوں کیساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر غور کیا جائیگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چارسدہ سے سابق ایم پی محمد ارشد خان کی قیادت میں ملاقات کرنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، امیر جماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا کہ امریکہ افغانستان میں جاری جہاد ی تحریکوں کا مقابلہ نہیں کر سکا، جس کی وجہ سے وہ افغان سرزمین سے خالی ہاتھ واپس جا رہا ہے۔
 
اُنہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سیاست میں فوجی مداخلت کی سخت مخالف ہے اور سمجھتی ہے کہ فوج اپنے کام سے کام رکھے اور ملکی سیاست میں کسی قسم کی مداخلت سے باز رہے۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی اقتدا ر میں آکر سیاست میں فوج کے کردار کو مکمل طور پر ختم کریگی، بلوچستان کے حوالے سے اُنہوں نے کہا کہ بلوچستان میں علیحدگی کی کوئی تحریک نہیں چل رہی بلکہ بلوچ عوام اپنے حقوق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں، بلوچ عوام کو عرصہ دراز سے اُن  کے حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے بلوچ عوام استحصالی قوتوں کے خلاف برسرپیکار ہیں جبکہ دوسری طرف امریکہ بھی بلوچستان میں حالات خراب کر رہا ہے تاکہ چین بلوچستان میں کسی قسم کی سرمایہ کاری نہ کرے۔
 
آئندہ انتخابات اور ایم ایم اے کی بحالی کے حوالے سے سید منور حسن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی پہلی ترجیح مذہبی قوتوں کا اتحاد ہے تاکہ ایک پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لیکر مذہبی جماعتیں بھرپور کامیابی حاصل کر سکیں۔ تاہم بدقسمتی سے مولانا فضل الرحمان صدر آصف علی زرداری کا ساتھ نہیں چھوڑ رہے اور وہ ہر قیمت پر ڈیرہ کی آبائی سیٹ جیتنا چاہتے ہیں، جس کیلئے اُن کو پیپلز پارٹی کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ اگر ایم ایم اے اصل روح میں بحال نہ ہوئی تو جماعت اسلامی دیگر سیاسی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کریگی۔ اس موقع پر وفد نے سید منور حسن کو چارسدہ کی سیاسی صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔
خبر کا کوڈ : 217622
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش