0
Saturday 8 Dec 2012 11:17

حماس رہنما خالد مشعل آج ایک بڑے جلسے سے خطاب کرینگے

حماس رہنما خالد مشعل آج ایک بڑے جلسے سے خطاب کرینگے
اسلام ٹائمز۔ خالد مشعل گذشتہ روز جب غزہ میں داخل ہوئے، تو انہوں نے آبدیدہ آنکھوں کے ساتھ سجدہ شکر ادا کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار یوں کیا کہ تیسری بار پیدا ہوا ہوں۔ 1956ء میں ولادت کے بعد 1977ء میں اردن میں اسرائیلی ایجنٹوں کے حملے سے بچنے کو اپنا دوسرا جنم قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا چوتھا جنم اس وقت ہوگا جب فلسطین آزاد ہوگا۔ واضح رہے کہ حماس کے جلا وطن رہنما خالد مشعل 45 سال بعد بالآخر غزہ پہنچ گئے، جہاں انکا نہایت پرجوش استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر حماس ہی نہیں، مخالف جماعت فتح کے عہدیدار بھی موجود تھے جبکہ صہیونی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینی مجاہدین کے فوجی وردی میں ملبوس بچوں نے 56 سالہ اپنے رہنما پر پھول نچھاور کئے۔

خالد مشعل آج (ہفتہ کو) ایک بڑے جلسے سے خطاب کریں گے۔ غزہ میں قیام کے دوران وہ مختلف فلسطینی تحریکوں کے رہنماؤں اور عوام سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس کے علاوہ ان خاندانوں سے بھی اظہار یکجہتی کریں گے جن کے افراد اسرائیل کے حملوں میں شہید ہوئے ہیں۔ حماس کے ترجمان سمیع ابو ظہری نے ایک بیان میں کہا کہ یہ دورہ قابض قوت کے خلاف تحریک کی کامیابی کا ثمر ہے۔ مغربی میڈیا کے مطابق اسرائیل بظاہر جلاوطن رہنما کے دورے کا نوٹس نہیں لے رہا، تاہم اسے فلسطینی معاملات پر اپنی گرفت کمزور پڑنے کا احساس ہوچکا ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان یگال پالمور نے اپنی بے بسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کا اس پر کوئی کنٹرول نہیں کہ مصر کی جانب سے غزہ میں کون داخل ہوتا ہے اور کون نکل رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 219064
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش