0
Tuesday 11 Dec 2012 00:12

انسانی حقوق کے عالمی دن پر مقبوضہ کشمیر کے ستم زدگان کا احتجاج

انسانی حقوق کے عالمی دن پر مقبوضہ کشمیر کے ستم زدگان کا احتجاج
اسلام ٹائمز۔ لاپتہ شہریوں کی بازیابی، زیر حراست ہلاکتوں اور گمنام قبروں کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے مختلف حقوق البشر تنظیموں اور فورمز نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر یک زبان ہوکر جموں کشمیر میں حقوق انسانی کی خلاف ورزی کے واقعات میں ملوث بھارتی سیکورٹی افسروں اور اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا پرزور مطالبہ کیا ہے، انسانی حقوق کی مقامی رضاکار انجمنوں نے اقوام عالم کا ضمیر جھنجوڑتے ہوئے ’’غم کی سیاہ رات کو نوید صبح میں‘‘ تبدیل کرنے کی دہائی دی، انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو 21ویں صدی میں بھی آزادی اور عزت کے ساتھ جینے کا حق حاصل نہیں جبکہ بدقسمتی سے جیلوں میں سالہا سال سے قید کشمیریوں کی اسیری کو طول دینے اور انہیں برسوں بعد رہا کرنے کے بعد تاحیات قید کی سزاء سنانے کے لئے عدالتوں کا غلط استعمال اور عدالتی احکامات کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔ 

انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر سرینگر میں ہیومن رائٹس کارکنوں اور انجمنوں نے خاموش مظاہرے کئے اور اس دوران احتجاجی دھرنے بھی دئیے گئے، ان خاموش مظاہروں میں خواتین کے علاوہ مردوں نے بھی شرکت کی جبکہ 23 سالہ دور کے دوران زیر حراست جاں بحق ہونے والے افراد، جبری طور پر لاپتہ نوجوانوں کے لواحقین کے علاوہ ٹارچر کی وجہ سے جسمانی طور پر متاثرہ لوگ بھی شامل ہوئے، سرینگر کی پرتاپ کالونی میں لاپتہ نوجوانوں کے لواحقین کی تنظیم ’’ائے پی ڈی پی‘‘ نے خاموش دھرنا دیا، جس کے دوران انہوں نے لاپتہ نوجوانوں کی تصاویر اٹھا رکھی تھیں جبکہ بینرز اور کتبے بھی نصب نمایاں تھے، جن پر انہوں نے اپنے عزیزوں کی بازیابی اور اس سلسلے میں عالمی حقوق البشر تنظیموں سے اپیل کی گئی تھی کہ وہ بھارت پر دباو ڈالیں کہ انکے لخت جگروں کا پتہ چلایا جائے۔

اس موقع پر اس وقت رقعت آمیز مناظر بھی دیکھنے کو ملے، اور اپنے عزیزوں اور ہمدردوں کی یاد وہاں پر موجود لوگوں کو ستانے لگی اور وہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے، پرتاپ پارک میں آہوں اور سسکیوں کی وجہ سے پورا ماحول غمزدہ ہوگیا اور رنج و الم کی صدائیں بھی گونجنے لگیں، تاہم حیرت کی بات یہ ہے کہ غمزدہ خواتین ایک دوسرے کو از خود ہی تسلیاں دے رہی تھیں۔
خبر کا کوڈ : 219658
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش