0
Tuesday 18 Dec 2012 00:00

ثروت اعجاز قادری اور پیر پگارا کی ملاقات، آئندہ انتخابات مل کر لڑنے پر اتفاق

ثروت اعجاز قادری اور پیر پگارا کی ملاقات، آئندہ انتخابات مل کر لڑنے پر اتفاق
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا صبغت اللہ شاہ راشدی نے کہا ہے کہ سنی تحریک اور ہم ماضی میں بھی ایک تھے اور اب بھی ایک ہیں جبکہ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ پیر پگارا اور ہمارے نظریات ایک ہیں اور آئندہ انتخابات سمیت ملک کی بقاء وسالمیت کے لئے ہم مل جل کر کام کریں گے۔ پی ایس ٹی کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری کی قیادت میں 5 رکنی وفد جس میں محمد شاہد غوری، مطلوب اعوان، فہیم الدین شیخ اور محمد شہزاد قادری شامل تھے نے پیر پگارا سے ان کی رہائشگاہ راجہ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مسلم لیگ (ف) کراچی ڈویژن کے صدر پیر یاسر سائیں، منصب جھکرانی اور دیگر بھی موجود تھے۔ دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورتحال، ملک اور بالخصوص صوبہ سندھ اور کراچی میں جاری انتہاء پسندی اور دہشتگردی کے علاوہ سپریم کورٹ کی جانب سے کراچی میں نئی حلقہ بندیوں اور ووٹرز لسٹوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

بعد ازاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پی ایس ٹی کے مرکزی رہنماء محمد شاہد غوری نے کہا کہ پیر پگارا سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ملک کی بقاء و سالمیت کے لیے دونوں جماعتیں مل جل کر کام کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کاایک ہی منشور ہے کہ آئندہ انتخابات میں ایسے نمائندوں کو ایوانوں میں بھیجا جائے جو پاکستان کا عالم اسلام میں خراب امیج کا خاتمہ کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سندھ اور کراچی کی رونقیں ایک بار پھر بحال کرنے کا عزم رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج پیر صاحب پگارا اور محمد ثروت اعجاز قادری نے اس بات کا عزم کیا ہے کہ اس ملک کی بقاء اور سالمیت کے لئے ہر فورم پر مل جل کر کام کریں گے۔

محمد شاہد غوری نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے سربراہوں نے اس بات کا بھی عہد کیا ہے کہ پاکستان اور سندھ کے خلاف ہونے والی سازشوں کا مل کر مقابلہ کیا جائے گا ۔ ملک اور اسلام کی سربلندی کے لئے کام کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پشاور حملہ ہماری خود مختاری پر حملہ ہے اور یہ ہمارے حکمرانوں کی جانب سے دہشتگردوں کو لگام نہ دئیے جانے کا نتیجہ ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے تمام احکامات پر ہمیں عمل کرنا چاہیے، انہوں نے کہا کہ ہماری خوش نصیبی ہے کہ آج ہماری آزاد عدلیہ بہتر کردار ادا کررہی ہے اور اس ملک کے لئے اچھے فیصلے کئے جارہے ہیں۔

اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسلم لیگ (ف) کے رہنماء پیر یاسر سائیں نے کہا کہ پی ایس ٹی اور مسلم لیگ (ف) کے درمیان ایک نظریاتی اور روحانی رشتہ ہے، انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات سمیت دیگر تمام ایشوز پر دونوں جماعتیں مل جل کر کام کریں گی اور ان روابط کو مزید بہتر بنانے کے لئے پیر صاحب پگارا اور محمد ثروت اعجاز قادری کی جانب سے کہ دونوں جماعتوں کے مابین روابط کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنانے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ مسلم لیگ (ف) کی جانب سے امتیاز شیخ، پیرزادہ یاسر سائیں، محمد علی جاموٹ اور اکبر راشدی جبکہ پی ایس ٹی کی جانب سے محمد شاہد غوری، محمد شکیل قادری، مطلوب اعوان اور پی ایس ٹی کی رابطہ کمیٹی کے دو ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو آئندہ انتخابات میں نئی حلقہ بندیوں، ووٹرز لستوں سمیت دیگر معاملات کے ساتھ ساتھ دونوں جماعتوں کے مابین روابط کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات کرے گی۔
خبر کا کوڈ : 222261
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش