0
Wednesday 19 Dec 2012 13:40

شام میں جاری جنگ اور خونریزی کا سب سے زیادہ فائدہ صیہونی حکومت اٹھا رہی ہے، احمد وحیدی

شام میں جاری جنگ اور خونریزی کا سب سے زیادہ فائدہ صیہونی حکومت اٹھا رہی ہے، احمد وحیدی
 اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی نے تہران میں خبرنگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مختلف قسم کے ڈرون طیارے بنایا وزارت دفاع کی ذمہ داری ہے اور سلسلے میں ہر امکان سے استفادہ کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ایران کی طرف سے شکار کئے گئے امریکی اسکین ایگل کی طرح کے ڈرون طیاروں کی بھی ڈیزائنگ کریں گے۔ ایرانی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جمہوری اسلامی ایران ایک ثقافتی طاقت ہے اور ایران اپنی اس طاقت کو بڑھانے کے لئے مختلف وسائل سے استفادہ کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مغربی تمدن شیطانی نکتہ نظر کی بنیاد پر استوار ہے اور شیطانی نکتہ نظر کا ایک اہم عنصر برہنگی اور بے پردگی ہے جبکہ ملت ایران اس برہنگی کے خلاف مقابلہ کر رہی ہے۔ احمد وحیدی کا کہنا تھا کہ سرزمین ایران کی خواتین عفاف اور حجاب کے تمدن کی بانی ہیں اور اسلامی جمہوری ایران کی برکت سے عفاف اور حجاب کے تمدن نے دشمن کی آنکھوں کو خیرہ کر دیا ہے۔ ایرانی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ عفاف و حجاب کا یہ تمدن حق و باطل کی جنگ میں ایک اہم عامل کا کردار ادا کرسکتا ہے۔

شام کی صورت حال کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے ایرانی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اس ملک کے اندر ہونے والی جنگ اور خون ریزی سے صیہونی حکومت سب سے زیادہ فائدہ اٹھا رہی ہے۔ یہ ناجائز ریاست ایک کونے میں کھڑی ہو کر ایک ایسے ملک کی ویرانی کا نظارہ کر رہی ہے جو کہ تحریک مزاحمت کے خط مقدم کے طور پر اس کے مقابلے میں کھڑا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس جنگ اور خون ریزی کا سب سے زیادہ نقصان شام کے مسلمان عوام کو ہو رہا ہے، جنہیں ایسے دہشتگردوں نے یرغمال بنا رکھا ہے، جو بے گناہ عوام کا بھی قتل عام کر رہے ہیں۔
 
جمہوری اسلامی ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی سے سوال پوچھا گیا کہ آیا ترکی اور شام کے بارڈر پر نصب کیا جانے والا نیٹو کا پیٹریاٹ میزائل سسٹم ایران کے لئے بھی خطرہ ہے، جواب میں ایران کے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ اس بات کا اعلان کیا ہے کہ ہم خطے میں غیر ملکی افواج کی موجودگی کے مخالف ہیں۔ ہم خطے میں غیر ملکی افواج کی موجودگی کو اس خطے کی مسلمان اقوام کے مفاد میں نہیں سمجھتے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب تک کے تجربات سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ مغربی ممالک کو مسلمان اقوام کے مفاد سے کوئی غرض نہیں ہے بلکہ وہ ہمیشہ اپنے مفادات کو ترجیح دیتے ہیں۔

دیگر ذرائع کے مطابق اسلامی جمہوری ایران کے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی نے کہا ہے کہ مختلف قسم کے ڈرون طیاروں کی تیاری کے لئے اپنی تمام صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران کے وزیر دفاع نے کل تہران میں خبر نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری اسلامی ایران امریکہ کے شکار کئے جانے والے اسکین ایگل ڈرون اور دیگر ٹیکنالوجی سے استفادہ کرتے ہوئے کئی قسم کے ڈرون طیارے بنا رہا ہے۔ انہوں نے ترکی میں نیٹو کے پیٹریاٹ میزائل سسٹم کی تنصیب کو خطے میں امریکہ، صیہونی حکومت اور مغربی مفادات کے تحفظ کی ایک کوشش قرار دیا۔
 
ایران کے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ اسلامی جمہوری ایران، خطے میں غیر ممالک کی افواج کی موجودگی کے خلاف ہے اور اسے دنیائے اسلام اور علاقے کے مفاد میں نہیں سمجھتا۔ شام کی صورت حال کے بارے میں احمد وحیدی کا کہنا تھا کہ شام میں جاری جنگ اور خون ریزی کسی کے مفاد میں نہیں ہے اور عوام کے قتل عام کے علاوہ اسکا کوئی اور نتیجہ برآمد نہیں ہوگا۔ ایران کے وزیر دفاع نے تاکید کرتے ہوئے کہا کہ شام میں جاری بحران سے صرف صیہونی حکومت ناجائز فائدہ اٹھا رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 222735
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش