0
Thursday 20 Dec 2012 10:20

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ملکی مفاد میں ہے، دباﺅ میں نہیں آئینگے، حنا ربانی کھر

پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ملکی مفاد میں ہے، دباﺅ میں نہیں آئینگے، حنا ربانی کھر
اسلام ٹائمز۔ وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان ایران گیس پائپ لائن منصوبہ ملکی مفاد میں ہے، اس کے لئے کسی بھی دباو میں نہیں آئیں گے، قوم 30 لاکھ افغانیوں کو سنبھال رہی ہے، افغان حکومت کو ہمارا احسان مند ہونا چاہیے، الزام تراشیوں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، افغانستان میں امن کے لئے عالمی برادری کو حکمت عملی بدلنا ہوگی۔ ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ قومی مفاد میں خارجہ پالیسی بنا رہے ہیں، جس کی مثال پاکستان ایران تعلقات ہیں جو ماضی میں کبھی بھی اتنے بہتر نہیں تھے جتنے آج ہیں۔ افغانستان میں امن کے لئے پاکستان، امریکہ یا برطانیہ کچھ نہیں کرسکتے، اس کے لئے افغان عوام ہی کو راستے نکالنا ہوں گے، پاکستان ہمیشہ افغان حکومت اور وہاں برسر پیکار دھڑوں کے درمیان مذاکرات کا حامی رہا ہے کیونکہ طالبان افغانستان کا روایتی حصہ ہیں۔ 

حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ پاکستان پر الزام تراشیوں سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، پاکستانی قوم 30 لاکھ افغانیوں کو سنبھال رہی ہے، ہر روز ہزاروں لوگ کسی بھی قسم کی تفتیش کے بغیر پاکستان افغان سرحد عبور کرتے ہیں، افغان حکومت کو ہمارا احسان مند ہونا چاہیے، ان میں کوئی شخص افغانستان جاتا ہے اور انٹیلی جنس چیف پر قاتلانہ حملہ کرتا ہے تو اس میں افغان حکومت کی کوتاہی نظر آتی ہے۔ افغانستان میں امن کے لئے عالمی برادری کو حکمت عملی بدلنا ہوگی، کابل حکومت اور طالبان دھڑوں کے درمیان دوحہ، ٹوکیو اور پیرس سمیت کئی مقامات پر مذاکرات ہوچکے ہیں، پاکستان پڑوسی ملک ہونے کے ناطے طالبان اور افغان حکومت کے درمیان مذاکراتی عمل میں سہولت کار کا کردار ادا کرسکتا ہے، لیکن دیکھنا ہوگا کہ افغان حکومت کی اپنی کیا پالیسی ہے۔ امید ہے 2014ء میں افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد حالات بہتر ہوجائیں گے کیونکہ اس سے طالبان کے پاس غیر ملکی فوجیوں کی موجودگی کا جواز ختم ہو جائے گا۔
 
ادھر وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سے برونائی کے سبکدوش ہونے والے ہائی کمشنر حاجی عبدالجلیل بناحمد نے الوداعی ملاقات کی، اس موقع پر وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے فروغ کیلئے ہائی کمشنر کی کوششوں کی تعریف کی۔ پاکستان میں متعین سعودی عرب کے سفیر عبدالعزیز بن ابراہیم بن صالح ال غدیر نے گزشتہ روز وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سے ملاقات کی۔ انہوں نے سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل کی طرف سے انہیں دورہ سعودی عرب کی دعوت دی۔ حنا ربانی کھر نے کہا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں اور انہیں سعودی عرب کا دورہ کرکے دلی خوشی ہوگی۔ وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب کیلئے نیک تمناﺅں کا پیغام دیا۔ سعودی سفیر نے اس دورے کی دعوت قبول کرنے پر حنا ربانی کھر کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ نے دونوں برادر ملکوں کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے ان کی خدمات کو سراہا۔ ایک ذریعے کے مطابق پاکستان کی وزیر خارجہ کو فوری دورے کی دعوت دراصل طالبان اور امریکہ و افغانستان کے درمیان مذاکرات کی پیشرفت کے پس منظر میں دی گئی ہے۔ اس مذاکراتی عمل میں قطر نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ بات چیت کا تازہ ترین دور فرانس میں منعقد ہو رہا ہے۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات اس اہم پیشرفت میں حصہ لینے کے خواہاں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 223023
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش