0
Friday 21 Dec 2012 21:42

سنی تحریک نے پولیو ٹیموں کی حفاظت کیلئے رضاکار دینے کی پیش کش کر دی

سنی تحریک نے پولیو ٹیموں کی حفاظت کیلئے رضاکار دینے کی پیش کش کر دی
اسلام ٹائمز۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنی تحریک کے صوبائی صدر محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ پولیو مہم کے حق میں پاکستان سنی تحریک مزید نیاء فتویٰ جاری کروائے گی، پولیو مہم کے رضا کاروں کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ملک بھر سے اپنے کارکنان دے سکتے ہیں، نام نہاد مذہبی ٹھیکیدار اسلام اور پاکستان کے دشمن ہیں، پولیو مہم کے جاں بحق ہو نے والے رضا کاروں کے ایصال ثواب کے لئے ملک بھر میں خطبہء جمعہ میں دعاء مغفرت کی گئی، ملکی ترقی و خوشحالی میں کھڑی تمام رکاوٹوں کو ختم کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں نئی حلقہ بندیوں کے حامی ہیں، ایم کیو ایم کو اگر کراچی کے علاوہ کسی اور صوبے، شہر میں نئی حلقہ بندیاں کروانی ہیں تو وہ الیکشن کمیشن کو تحریری طور پر آگاہ کرے، قوم اب ایم کیو ایم کے ہاتھوں کراچی کے نہتے شہریوں کو مزید ہراساں اور یرغمال بنانے نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ فنگشنل سمیت تمام سیاسی جماعتیں رابطے میں ہیں، سیاسی اتحاد یا سیٹ ایڈ جسٹمینٹ صرف اسی کیساتھ ہو سکتی ہے جو دو قومی نظریہ کے محافظ اور ملکی ترقی خوشحالی کے پہرے دار ہونگے۔

محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ ملک سے وحشت، دہشت اور فرعونیت کا راج ختم کروائیں گے، کارکنان عوام کو باور کروائیں کہ ملک میں اب کسی بھی جاگیردار اور غیر ملکی ایجنٹ کے لئے سیاست میں کو ئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک پر علماء مشائخ کے اعتماد کو کسی صورت ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے، ووٹ اور ووٹر کی اصل حیثیت کو بحال کروانے کے لئے نوجوان نسل کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہو گی۔

یاد رہے کہ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری کی صدرات میں مرکز اہلسنت کراچی میں ملک بھر کے مرکزی، صوبائی اور ڈویژنل صدور، رابطہ کمیٹیوں اور رہنماؤں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ 13 جنوری کو الیکشن مہم، ربیع الاول میں عوامی رابطہ مہم کا باقائدہ آغاز کیا جائے گا جبکہ 25 دسمبر کو لاہور میں ہونے والے انتہائی اہم اجلاس میں علماء مشائخ کی سر براہی میں مزید اہم فیصلے کئے جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 223499
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش