0
Sunday 30 Dec 2012 14:45

حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے ناکام ہو چکے ہیں،وسیم اختر

حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے ادارے ناکام ہو چکے ہیں،وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عوام کے ساتھ مل کر انتخابات کو سبوتاژ کرنے کی تمام سازشیں ناکام بنا دے گی، حکمرانوں نے روٹی، کپڑا اور مکان دینے کی بجائے چھین لیا ہے، تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت اس وقت مسلط ہے، اداروں کے درمیان تصادم سے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے، پاکستان اس وقت تک مستحکم نہیں ہو سکتا جب تک مخلص حکمران اقتدار میں نہیں آ جاتے۔

ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ حکومت غیر یقینی صورتحال کو ختم کرے اور جلد از جلد عام انتخابات کا اعلان کرے، نگران سیٹ اپ میں تمام چھوٹی بڑی جماعتوں کی مشاورت اور نمائندگی ہونی چاہئے، محب وطن سیاسی جماعتیں ایک پلیٹ فارم پر جمع ہو کر ملکی بقاء اور عوامی مفادات کے لئے کام کریں، قوم وڈیروں اور موروثی سیاستدانوں کے ہاتھوں یرغمال ہے، پنجاب میں کھانسی کے شربت سے ہلاکتیں’’گڈگورننس‘‘ کی بدترین مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی الیکشن اور اثاثے ظاہر کرنے کی شرط الیکشن کمیشن کا احسن اقدام ہے، جماعت اسلامی اس کا خیرمقدم کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے حکمران ’’موروثیت‘‘ ترک کر کے پارٹی انتخابات کروائیں، 99 فیصد پارٹیوں میں شخصی حکمرانی ہے، انتخابات کے نام پر نامزدگیاں ہوتی ہیں، رولز پر عمل درآمد نہ کرنے والوں پر تاحیات پابندی ہونی چاہئے، موجودہ حکمران ہر محاذ پر بری طرح ناکام ہو چکے ہیں، جنوبی پنجاب کے عوام کا استحصال کیا جا رہا ہے، علیحدہ صوبوں کے نام پر مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی دونوں نے عوام کو بےوقوف بنایا ہے۔ دریں اثنا ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کراچی کینٹ سٹیشن پر بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 226427
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش