0
Monday 31 Dec 2012 09:47

جماعت اہلسنّت سال 2013ء کو تحفظ ِ ناموسِ رسالت (ص) سال کے طور پر منائے گی

جماعت اہلسنّت سال 2013ء کو تحفظ ِ ناموسِ رسالت (ص) سال کے طور پر منائے گی
اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت پاکستان سندھ کے ناظم اعلیٰ علامہ محمد اکرم سعیدی نے کہا ہے کہ جماعت اہلسنّت 12 ربیع الاوّل کو  عالمگیر سطح پر یومِ تحفظ ِ ناموسِ رسالت (ص) منائے گی اور اس سال عید میلادالنبی (ص) کے ہر جلسے اور جلوس کو ناموسِ رسالت (ص) کے عنوان سے منعقد کیا جائے گا جبکہ سال 2013ء کو جماعت اہلسنّت تحفظ ِ ناموسِ رسالت سال (ص) کے طور پر منائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اہلسنّت سندھ کے تحت عید میلادالنبی (ص) کی تیاریوں اور حضرت سید علی ہجویری المعروف داتا گنج بخش، امام احمد رضا بریلوی، شیخ احمد فاروقی مجدد الف الثانی کے ایام عرس کے اجتماعات کو ترتیب دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ناموسِ رسالت (ص) پر مصلحتوں کا شکار حکمران اور سیاستدان عوامی نفرت کا نشانہ بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایمان کی حرارت والوں کو یوٹیوب کی ضرورت نہیں ہے، ایمان والے اپنی جانوں پر کھیل کر ناموسِ رسالت (ص) کا تحفظ کریں گے۔ اجلاس میں جماعت اہلسنّت کے علماء و مشائخ اور عہدیداران علامہ سید حمزہ علی قادری، پروفیسر غلام عباس قادری، علامہ نسیم احمد صدیقی، قاضی نورالاسلام شمس، محمد احمد صدیقی، علامہ شاہ مظہر الحق قادری و دیگر نے شرکت کی۔
 
علامہ محمد اکرم سعیدی نے کہا کہ جماعت اہلسنّت کے تحت عشرہ مجددین پیر 31 دسمبر سے نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ اضلاع میں کانفرنسس، محافل اور نعت خوانی کے اجتماعات منعقد ہونگے۔ اجتماعات میں علمائے کرام، خطباء اور آئمہ حضرات اعلی حضرت الشاہ امام احمد رضا خان فاضل بریلوی اور امام ربانی شیخ احمد فاروقی سرہندی مجدد الف الثانی، حضرت داتا گنج بخش کی دینی و ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سامراجی قوتیں اسلام اور عالم اسلام کے خلاف صف آراء ہیں ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ اختلافات سے بالاتر ہوکر امت باہم متحد ہوجائے اور غلبہ دین، ناموس رسالت (ص) کے تحفظ کیلئے عملی کردار ادا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور نفرتوں کی آگ ٹھنڈا کرنے کیلئے اسلام کے آفاقی پیغام محبت کو عام کرنے کی ضرورت ہے۔
خبر کا کوڈ : 226452
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش