0
Wednesday 2 Jan 2013 21:45

وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کی ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ملاقات

وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک کی ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے لندن میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ملاقات کی اور ان سے ملک کی سیاسی صورتحال، 14 جنوری کے مجوزہ عوامی مارچ اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ رحمن ملک نے کراچی میں ایم کیو ایم کے جلسہ عام کے موقع پر بم دھماکے کی شدید مذمت کی اور دھماکے میں ایم کیو ایم کے کارکنوں اور ہمدردوں کی شہادت پر تعزیت کی، شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور زخمی کارکنان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ رحمان ملک نے الطاف حسین کو یقین دلایا کہ حملہ آوروں کی گرفتاری میں کسی بھی قسم کی تساہلی سے کام نہیں لیا جائے گا اور اس میں ملوث دہشت گرد ضرور پکڑے جائیں گے۔ ملاقات کے دوران رحمان ملک نے 14 جنوری کے مجوزہ عوامی مارچ میں شرکت کے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی جس پر الطاف حسین نے رحمان ملک کو مشورہ دیا کہ بہتر ہے کہ پیپلز پارٹی کا اعلیٰ سطحی وفد ڈاکٹر پروفیسر طاہر القادری سے ملاقات کرکے براہ راست وہ تفصیلات معلوم کریں کہ ان کے تحفظات کیا ہیں اور وہ کس قسم کی اصلاحات (Reforms) چاہتے ہیں۔

الطاف حسین نے کہا کہ جو لوگ اس قسم کی افواہیں پھیلا رہے ہیں کہ ایم کیو ایم، حکومت سے علیحدہ ہوگئی یا ایم کیو ایم، ڈاکٹر طاہر القادری کے لانگ مارچ کی چھتری تلے الیکشن کو ملتوی کرانا چاہتی ہے یا انتخابات آگے بڑھانا چاہتی ہے یا جمہوریت کے جاری سفر کو ڈی ریل کرنا چاہتی ہے، وہ عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس قسم کی افواہیں پھیلانے والوں کے بیانات کی ڈاکٹر طاہر القادری صاحب، میں خود اور ایم کیو ایم بار بار سختی سے تردید کرچکے ہیں۔ انہوں نے رحمان ملک سے کہا کہ بات انتخابی اصلاحات (Electrol Reforms) کی ہے جس کی تفصیلات آپ خود ڈاکٹر طاہر القادری سے حاصل کرلیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف جماعتوں کے منشور میں مشترکہ اور ملتے جلتے نکات ہوتے ہیں جس کے باعث ان جماعتوں کے درمیان آپس میں ذہنی ہم آہنگی ہوجاتی ہے لہٰذا مشترکہ منشور اور ذہنی ہم آہنگی رکھنے والی جماعتوں کی قربت پر بدگمانی پیدا نہیں ہونی چاہیے۔

الطاف حسین نے حکومت کو ایک مرتبہ پھر مشورہ دیا کہ پیپلز پارٹی کا اعلیٰ سطحی وفد ڈاکٹر طاہر القادری سے ملاقات کرکے ان سے تفصیلی تبادلہ خیال کرکے خود ان کی بیان کردہ باتوں پر غور و فکر کرے۔ الطاف حسین نے کہا کہ گزشتہ روز جناح گراؤنڈ عزیز آباد میں منعقدہ جلسہ سفر انقلاب پاکستان میں ڈاکٹر طاہر القادری اور میں نے (الطاف حسین) پیپلز پارٹی سمیت تمام سیاسی ،مذہبی و دینی جماعتوں کو دعوت دی ہے کہ پاکستان کی بقاء و سلامتی اور ترقی و خوشحالی کیلئے وہ بھی اس سفر انقلاب میں شرکت کریں۔
خبر کا کوڈ : 227507
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش