0
Thursday 3 Jan 2013 19:51

لاہور میں چہلم امام حسین (ع) کا جلوس رات 11 بجے اختتام پذیر ہوگا

لاہور میں چہلم امام حسین (ع) کا جلوس رات 11 بجے اختتام پذیر ہوگا
اسلام ٹائمز. چہلم امام حسین علیہ السلام کا جلوس نثار حویلی اندرون موچی دروازہ سے برآمد ہو کر اپنے مقررہ راستے پر گامزن ہے جو رات گیارہ بجے کربلا گامے شاہ میں اختتام پذیر ہوگا، چہلم کے جلوس کے موقع پر پنجاب پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے جبکہ رضاکار اور امامیہ اسکاؤٹس کے دستے بھی جلوس کے ہمراہ ہیں۔ جلوس کے راستے میں آنے والے تمام راستوں کو بیرئیر اور خار دار تاریں لگا کر بند کر دیا گیا ہے جبکہ جلوس میں شرکت کے لئے آنے والے خواتین و حضرات کو میٹل ڈیٹکٹر سے چیکنگ کے بعد واک تھرو گیٹس سے گزار کر جلوس میں آنے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

اس موقع پر پولیس نے سکیورٹی کے تین سے چار حصار بنا رکھے ہیں، جہاں جلوس میں آنے والوں کو تین مرتبہ جامہ تلاشی بھی دنیا پڑتی ہے۔ جلوس کی سیکورٹی کے لئے پولیس کے اعلٰی افسران خود بھی انتظامات کو مانیٹر کر رہے ہیں جبکہ تھوڑ ی دیر قبل صوبائی وزیر تعلیم میاں مجتبٰی شجاع الرحمن بھی جلوس میں آئے اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پولیس حکام کو ہدایت کی کہ اہلکاروں کو ان کے ڈیوٹی کے مقام پر ہی کھانا اور چائے پہنچائی جائے اور پولیس اہلکار جلوس کے اختتام کے بعد تک اپنی اپنی ڈیوٹیوں پر موجود رہیں۔

جلوس میں شریک عزادار ماتم داری، زنجیر زنی اور نوحہ خوانی کر رہے ہیں۔ جلوس جب رنگ محل چوک میں پہنچا تو شرکاء نے آغا مبارک علی موسوی کے اقتدا میں ظہرین کی نماز ادا کی اور اس کے بعد جلوس اپنی منزل کی جانب رواں ہوگیا۔ لاہور میں آج شدید سردی کے باوجود عزاداروں کی تعداد لاکھوں میں ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جو سانحہ کربلا پر پرسہ کیلئے جلوس میں شریک ہیں۔ جلوس کے ہمراہ جہاں پولیس کے خصوصی دستے شریک ہیں، وہاں میڈیا کے خصوصی ٹیمیں بھی جلوس کی براہ راست کوریج میں مصروف ہیں۔

ادھر کربلا گامے شاہ جہاں رات گئے یہ جلوس اختتام پذیر ہوگا وہاں بھی زنجیر زنی کا سلسلہ جاری ہے اور مجلس عزا بھی منعقد ہو رہی ہے جبکہ بھاٹی چوک میں بھی عزاداروں کی کثیر تعداد جمع ہے جو جلوس سے قبل ہی وہاں پہنچ گئی۔ ادھر کربلا گامے شاہ کے پاس ہی حضرت دانا گنج بخش (رہ) کے عرس کی تقریبات بھی جاری ہیں جن کا آج آخری روز ہے۔ ایک طرف نوحوں کی صدائیں بلند ہو رہی ہیں تو ساتھ ہی دوسری جانب داتا صاحب کے دربار پر ڈھول کی تھاپ پر دھمال ڈالتے عقیدت مند مزار پر چادریں چڑھانے آ رہے ہیں۔ شہری حلقوں نے چہلم کے روز ڈھول کی تھاپ پر ناچنے والوں پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ آج جب پوری دنیا میں امام حسین کا چہلم منایا جا رہا ہے، لاہور میں مسلمانوں کا دوہرا معیار سمجھ سے بالاتر ہے۔
خبر کا کوڈ : 227747
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش