0
Wednesday 30 Jan 2013 15:07

امریکی مخالفت میں مسلمانوں کی سرزمین پر فساد مچانے والے امریکہ کیلئے ہی استعمال ہو رہے ہیں، پروفیسر ابراہیم خان

امریکی مخالفت میں مسلمانوں کی سرزمین پر فساد مچانے والے امریکہ کیلئے ہی استعمال ہو رہے ہیں، پروفیسر ابراہیم خان
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر اور ملی یکجہتی کونسل کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ محمد عربی (ص) کا صحیح معنوں میں پیروکار بننے میں ہی ہماری نجات ہے، جو لوگ امریکہ کی مخالفت کرتے ہیں اور مسلمانوں کی زمین پر فساد مچاتے ہیں وہ امریکہ ہی کیلئے استعمال ہورہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شب ولادت حضرت محمد مصطفیٰ (ص) و امام جعفر صادق (ع) کی مناسبت سے جامعہ شہید عارف حسین الحسینی پشاور میں منعقدہ ’’سیرت النبی (ص)‘‘ کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اتحاد و اتفاق کا درس بہت اچھی بات ہے، لیکن ہمیں یہ سوچنا ہوگا کہ اتحاد و اتفاق کو پارہ پارہ کرنے والے کون لوگ ہیں؟ انسانوں کو ذبح کرنے والے بھی اللہ اکبر کا نعرہ لگاتے ہیں اور ذبح ہونے والے بھی۔ اس وقت کا سب سے بڑا شیطان امریکہ جس کو امام خمینی (رح) نے شیطان کبیر کہا وہ آج دونوں طرف لڑنے والے مسلمانوں کو استعمال کر رہا ہے۔ آج جو لوگ آپس میں لڑ رہے ہیں مجھے دونوں طرف امریکی سازش دکھائی دیتی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ امریکہ کی حمایت میں ہیں اور کچھ لوگ امریکہ کی مخالف میں، دراصل وہ دونوں امریکی کھیل کھیل رہے ہیں۔ جو لوگ امریکا کی مخالفت میں اس کھیل کا حصہ ہیں وہ کہتے ہیں پاکستان میں امریکہ ہے اس لئے یہاں قتل و غارت گری کرو۔ جو لوگ امریکہ کی مخالفت کرتے ہیں اور مسلمانوں کی زمین پر فساد مچاتے ہیں وہ امریکہ ہی کیلئے استعمال ہورہے ہیں۔ یہ ایک ایسی سازش ہے جس میں مسلمان آپس میں ایک دوسرے کیخلاف استعمال ہو رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ہمارا یہ فرض ہے کہ بندوں کو بندوں کی غلامی سے نکالا جائے اور اللہ کی غلامی میں دیا جائے۔ اور سب سے پہلے ہمیں خود اس راستے پر چلنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قیامت کے دن امت مسلمہ سے پوچھا جائے گا کہ تمہارے پاس تو اللہ کی کتاب اور رسول (ص) کی سیرت تھی، تمہارے پاس تمام امراض کا علاج تھا لیکن تم کہاں غائب ہو گئے تھے، لہذا صرف امت مسلمہ ہی نہیں ہمیں انسانیت کی اصلاح اور اتحاد اتفاق کا درس دینا ہے۔ ہمیں حقیقی طور پر محمد عربی (ص) کا پیروکار بننا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 235852
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش