0
Thursday 31 Jan 2013 22:52

قاضی حسین احمد کی وفات سے امت عظیم رہنما سے محروم ہو گئی، بیداری امت سیمینار

قاضی حسین احمد کی وفات سے امت عظیم رہنما سے محروم ہو گئی، بیداری امت سیمینار
اسلام ٹائمز۔ قونصلیٹ اسلامی جمہوریہ ایران کے زیراہتمام قاضی حسین احمد کی نظر میں بیداری امت اور علماء کی ذمہ داری ‘‘ کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ قاضی حسین احمد مولانا مودودی کی فکر کے حقیقی امین تھے جن کے دل میں امت کا درد بدرجہ اتم موجود تھا، وہ پوری امت مسلمہ کو وحدت کی لڑی میں دیکھنا چاہتے تھے اور اس کے لئے ہی مصروف عمل تھے۔ انہوں نے کہا کہ قاضی حسین احمد امت کو تقسیم نہیں کرتے تھے یہی وجہ ہے کہ وہ پوری امت میں ہردلعزیز شخصیت بن چکے تھے۔

مقررین نے علامہ امین شہیدی، علامہ عارف واحدی، لیاقت بلوچ، سمیعہ راحیل قاضی، علامہ محمد حسین اکبر، علامہ زبیر احمد ظہیر، ڈاکٹر مصطفوی، محمد حسین بنی اسدی، محمد رضا حقیقیان، مصطفی اسدی، علامہ احمد علی قصوری، ثاقب اکبر، علامہ عبدالخالق اسدی، سید ناصر عباس شیرازی سمیت دیگر پاکستانی و ایرانی زعماء شامل تھے جنہوں نے قاضی حسین احمد کی امت مسلمہ کے لئے خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ قاضی حسین احمد کی وفات سے امت عظیم رہنما سے محروم ہو گئی۔

مقررین نے مزید کہا کہ قاضی حسین احمد کی پوری زندگی آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ ہے جنہوں نے ہر قدم پر امت کی فلاح اور اتحاد کی بات کی، کشمیر کی چوٹیوں سے بوسینا کی وادیوں تک قاضی حسین احمد نے امت کے درد کو اپنے سینے میں محسوس کیا اور اس کے علاج کے لئے نکل پڑے، قاضی حسین احمد کی پوری زندگی امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے وقف ہو چکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ قاضی حسین احمد قرآن وسنت کے داعی تھے، وہ فکر اقبال کے پیرو تھے اور آنے والی نسلوں تک اقبال کا پیغام پہنچانا ان کا مقصد تھا۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ قاضی حسین احمد کی فکر کو آگے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح قاضی حسین احمد عقیدے، مسلک اور جماعت کے فرق سے مبرا تھے اسی طرح ہمیں بھی ان کے انہی افکار کو لے کر آگے بڑھنا ہو گا کیوں کہ ہمارے تمام مسائل کا حل ہمارے باہمی اتحاد میں مضمر ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قاضی حسین احمد نے امت مسلمہ کو جہاں بھی مسائل میں گھرا ہوا پایا خود وہاں پہنچے اور ان کی آواز کو عالمی برداری تک پہنچایا، ان کی وفات سے امت مسلمہ ایک عظیم رہنما سے محروم ہو گئی ہے۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ دور میں استعمار نے مسلم امت کو ثقافتی ونظریاتی محاذوں پر نشانہ بنا رکھا ہے ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ امت مسلمہ اپنے باہمی اتحاد سے استعمار کی ان سازشوں کو ناکام بنا دے۔
خبر کا کوڈ : 236267
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش