0
Saturday 2 Feb 2013 12:33

شیعہ و سنی کے درمیان اختلافات پیدا کرنے میں امریکہ ملوث ہے، علی اکبر ولایتی

شیعہ و سنی کے درمیان اختلافات پیدا کرنے میں امریکہ ملوث ہے، علی اکبر ولایتی
اسلام ٹائمز۔ خانہ فرہنگ اسلامی جمہوری ایران کراچی کے زیراہتمام خانہ فرہنگ کے آڈیٹوریم میں ہفتہ وحدت بفرمان حضرت امام خمینی (رہ) بسلسلہ ولادت باسعادت حضرت خاتم الانبیاء محمد مصطفٰی و حضرت امام جعفر صادق (ع) اور طلوع فجر انقلاب اسلامی ایران کی چونتیسویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب سے سابق وزیر خارجہ ایران اور رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای کے مشیر اعلٰی برائے خارجہ امور ڈاکٹر علی اکبر ولایتی، ایرانی قونصل جنرل کراچی مہدی سبحانی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی، ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر و امیر جماعت اسلامی سندھ اسد اللہ بھٹو، علامہ حیدر علی جوادی، ڈائریکٹر خانہ فرہنگ اسلامی جمہوری ایران کراچی مہدی خطیب نے خطاب کیا۔ تقریب میں خصوصی شرکت نمائندہ ولی فقیہ آیت اللہ ابو الفضل بہاؤالدینی اور سربراہ شوریٰ عالی ایم ڈبلیو ایم پاکستان مولانا آغا شیخ حسن صلاح الدین نے کی۔ جبکہ اہل سنت و اہل تشیع علماء کرام کے ساتھ ساتھ کثیر تعداد میں عوام شریک تھی۔ اس موقع پر انقلاب اسلامی ایران کے حوالے سے خصوصی طور پر تیار کردہ ڈاکیومنٹری فلم بھی دکھائی گئی۔

تقریب میں ایران کے سابق وزیر خارجہ ڈاکٹر علی اکبر ولایتی نے تمام علماء کرام و شرکاء کو جشن عید میلاد النبی اور انقلاب اسلامی ایران کی چونتیسویں سالگرہ کے موقع پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ایران میں آنے والا اسلامی نقلاب صرف ایران کیلئے نہیں، بلکہ سارے عالم اسلام و انسانیت کیلئے ہے اور آج عالم اسلام میں بیداری کا اصل مرکز و محور بھی یہی انقلاب اسلامی ایران ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی رضوان اللہ علیہ نے جس انقلاب اسلامی کی بنیاد ایران میں ڈالی تھی، آج اس کے ثمرات ساری دنیا میں ملاحظہ کئے جاسکتے ہیں۔ مشرق وسطٰی، افریقہ، ایشیاء سمیت دنیا بھر میں جاری بیداری کی تحریکیں بھی انقلاب اسلامی ایران کے ثمرات میں سے ایک ہے۔ مصر میں حسن البناء، ایشیاء میں سید ابو الاعلٰی مودودی اور مرحوم قاضی حسین احمد بھی اسی راستے کے عادی تھے۔ انہوں نے کہا کہ یوں تو مغرب بھی امت مسلمہ کے درمیان انتشار و تفریق پھیلانے کیلئے سرگرم ہے، مگر اہلسنت و اہل تشیع مسلمانوں کے درمیان اختلافات ایجاد کرنے کی سازش میں سب سے زیادہ شیطان بزرگ امریکہ ملوث ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کراچی میں ایرانی قونصل جنرل مہدی سبحانی نے کہا کہ ہم پاکستان کو اپنا دوسرا گھر تسلیم کرتے ہیں، ہمیں کراچی میں رہتے ہوئے کبھی بھی ایران سے دوری کا احساس نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ و مغربی ممالک کی جانب سے مستقل پاک ایران برادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی کوششیں جاری ہیں، لیکن ایران و پاکستان کی عوام اور قیادتیں ماضی کی طرح اب بھی اس قسم کی تمام سازشوں کو ناکام بنا رہے ہیں۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ذات مقدس پیغمبر ختمی مرتبت (ص) تمام عالم بشریت میں وہ واحد ذات ہے جو کہ تمام خوبیوں اور خیر کا مجسمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم (ص) کی سیرت مبارکہ طیبہ پر عمل پیرا ہو کر عالم بشریت توحید کی معراج پر پہنچ سکتا ہے، کیونکہ سیرت طیبہ ہی مکمل ضابطہ حیات و نجات ہے۔

ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدر و امیر جماعت اسلامی سندھ اسد اللہ بھٹو نے اپنے خطاب میں کہا کہ امام خمینی (رہ) نے پرامن جدوجہد کرتے ہوئے اس وقت کے ابو جہل شاہ ایران کو شکست دے کر نبی پاک کی سیرت و سنت کو زندہ کرتے ہوئے ایران میں اسلامی انقلاب برپا کیا۔ اس اسلامی انقلاب کی کرنیں ساری دنیا میں محسوس کی جا رہی ہیں۔ آج دنیا میں اس حوالے سے تبدیلی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی (رہ) امت کیلئے انقلاب کے ایک عظیم رہبر اور نشان بھی ہیں۔ انقلاب اسلامی ایران سے سبق حاصل کرتے ہوئے مصر میں بھی تبدیلی واقع ہو رہی ہے۔ ہم اللہ سے دعا کرتے ہیں کہ ہم بھی پاکستان میں انقلاب اسلامی اور نظام مصطفٰی کے نفاذ میں کامیاب ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ ملی یکجہتی کونسل ایک ایسا پلیٹ فارم بن چکا ہے کہ جس پر تمام مکاتب فکر و مسالک کی نمائندگی موجود ہے۔ اس کے ذریعے اتحاد امت کا وہ درس دیا جا رہا ہے جو کہ امام خمینی (رہ) کے مشن کا لازمی حصہ ہے، کیونکہ جب تک امت جمع نہیں ہوگی، اس وقت تک امریکہ اور اس کے حواریوں کو شکست نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے بابرکت دن کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا چاہئیے کہ ہم اتحاد و وحدت مسلمین کے ذریعے آج کے ابوجہل و شاہ ایران کو شکست دیں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ حیدر علی جوادی نے کہا کہ نکتہ اتحاد و وحدت دین اسلام ہے۔ ہر قسم کے فکری تقاضوں کا جواب صرف اسلام ہی دے سکتا ہے۔ دشمن کا ایجنڈا ہے کہ دین اسلام کے روشن چہرے اور تعلیمات کو دنیا کے سامنے مسخ کرکے پیش کیا جائے۔ دشمنان اسلام دنیا بھر کو گمراہ کرنے کی کوشش میں لگا ہوا کہ دین اسلام نافذ ہونے کیلئے نہیں ہے، یہ نافذ ہونے کی اہلیت نہیں رکھتا۔ لہٰذا تمام شیعہ سنی مسلمانوں کو چاہئیے کہ اتحاد و وحدت مسلمین کے ذریعے دشمن کی ہر سازش کو ناکام بنا دیں۔ آخر میں ڈائریکٹر خانہ فرہنگ اسلامی جمہوری ایران کراچی مہدی خطیب نے تمام مہمانان گرامی، علماء کرام و شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 236565
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش