0
Sunday 3 Feb 2013 21:21

خیبر پختونخوا میں صرف کفن اور تابوت کا کاروبار ترقی پر ہے، سراج الحق

خیبر پختونخوا میں صرف کفن اور تابوت کا کاروبار ترقی پر ہے، سراج الحق
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر  سراج الحق نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں جیت جماعت اسلامی کی ہوگی۔ برسراقتدار آکر خیبر پختونخوا میں مثالی امن قائم کریں گے۔ اے این پی اور پیپلز پارٹی کی مخلوط حکومت صوبے کی تاریخ کی ناکام ترین حکومت ہے۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے پشاور کے نواحی گائوں شکرہ پورہ میں علاقے کی ممتاز سیاسی شخصیت نعمت خان کے اے این پی سے مستعفی ہوکر جماعت اسلامی میں شامل ہونے کے موقع پر منعقدہ ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان، صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسرار اللہ خان ایڈووکیٹ، ضلعی جنرل سیکرٹری حمد اللہ جان نے بھی خطاب کیا۔ جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر سراج الحق نے مزید کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں ہر کاروبار تباہ ہوگیا ہے۔ صرف کفن اور تابوت بنانیوالوں کا کاروبار ترقی پر ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ موجودہ برسراقتدار ٹولے نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا ہے۔ جماعت اسلامی برسراقتدار آکر قوم کی لوٹی ہوئی ایک ایک پائی کا حساب لے گی۔

اُنہوں نے کہا کہ اے این پی پختونوں کے سروں پر ڈالر کمارہی ہے۔ صرف جماعت اسلامی ہی ملک کو اہل، دیانت دار قیادت فراہم کرسکتی ہے۔ شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنے انقلابی منشور کا اعلان کردیا ہے۔ جماعت اسلامی برسراقتدار آکر ملک کے ہر شہری کو امن اور انصاف کی ضمانت دے گی۔ اُنہوں نے کہاکہ عوام کی بڑے پیمانے پر جماعت اسلامی میں شمولیت اس بات کی دلیل ہے کہ عوام جماعت اسلامی کو اقتدار میں دیکھنا چاہتے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ملک میں روزانہ کی بنیاد پر 8 ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے۔ جماعت اسلامی برسر اقتدار آکر بدعنوان عناصر کا کڑا احتساب کریگی۔ جماعت اسلامی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسرار اللہ خان ایڈووکیٹ نے کہا کہ این اے 3 جماعت اسلامی کا گڑھ بن چکا ہے۔ جماعت اسلامی کی حکومت آنیوالی ہے۔
خبر کا کوڈ : 236900
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش