0
Thursday 7 Feb 2013 01:34

وڈیرے اور اشرافیہ بھی امریکی نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کو تقسیم کرتے ہیں، ناصر شیرازی

وڈیرے اور اشرافیہ بھی امریکی نقش قدم پر چلتے ہوئے عوام کو تقسیم کرتے ہیں، ناصر شیرازی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی نے جھنگ میں پولیٹیکل پبلک سیکرٹریٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جھنگ کے سیاسی اثرات پورے پاکستان کی سیاست پر اثر انداز ہوتے ہیں، امریکہ اور استعمار نے ڈیوائیڈ اینڈ رول کی پالیسی سے دنیا پر حکمرانی کی۔ پاکستان کے وڈیرے اور اشرافیہ بھی اسی پالیسی پر چلتے ہوئے عوام کو مختلف انداز میں تقسیم کرتے ہیں اور ہم پر حکومت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استعمار نے زمینوں کے مسئلے بنائے، فرقوں کے مسئلے بنائے، مختلف مسالک کے مسلئے بنائے۔ انہوں نے کہا کہ ان حکمرانوں نے جان بوجھ کر عوام کو چھوٹے چھوٹے مسائل میں الجھایا ہوا ہے تاکہ انہیں حکمرانی کرنا آسان ہو۔ حلقہ 77 ہمارے لئے انتہائی اہم ہے اور ہر قیمت میں ہم یہاں سے اپنے سیاسی مفادات حاصل کریں گے۔ سید ناصر عباس شیرازی نے جھنگ کی پسماندگی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے حکمرانوں نے پاکستان میں بھی ایسا نظام بنا دیا ہے، جہاں امیر اور غریب کے حقوق کے میں فرق رکھا جاتا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ آج غریب کا بچہ نہ اچھی تعلیم حاصل کر پا رہا ہے اور نہ غریب اپنا علاج کروا پارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جھنگ سمیت پورے ملک کو مایوسی اور احساس محرومی سے نکالنے کے لئے ہمیں کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ سید اختر شیرازی عوامی امنگوں کی ترجمانی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ووٹ چند اینٹوں کی خاطر نہیں دیں گے بلکہ جھنگ کے غیور عوام اپنا ووٹ جاگیرداری نظام، شدت پسندی، دہشت گردی کے خاتمے اور ملکی استحکام کے لئے دیں گے اور شہر جھنگ سمیت پورے پاکستان کو دہشت گردی کی لعنت سے نجات دلائیں گے۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دشمن شیعہ سنی کو لڑوا کر ہم پر سیاست کرتا ہے، لہذا وقت آ گیا ہے کہ ہم ہوش کے ناخن لیں اور وحدت و اتحاد سے اس سازش کو ناکام بنا دیں۔
خبر کا کوڈ : 237729
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش