0
Sunday 10 Feb 2013 17:01

قیام امن کے لئے قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، شاہی سید

قیام امن کے لئے قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، شاہی سید
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر شاہی سید نے کہا ہے کہ ہم عدم تشدد کے علمبردار ہیں، خطے اور ملک میں قیام امن کے لیے نظریاتی فکری و سیاسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے، تمام سیاسی جماعتوں کو متفقہ مؤقف اپنانا ہوگا، ہم نے ہمیشہ وقتی سیاسی فائدے کے بجائے قومی مفاد کو ترجیح دی ہے، ہمارے اسلاف نے ہمیشہ جذبات کی رو میں بہہ جانے کے بجائے درست سمت میں قوم کی رہنمائی کی ہے، یہی وجہ ہے کہ ہر آنے والے وقت نے ہمارے فیصلوں کو درست ثابت کیا ہے، دانشمندانہ فیصلے وقتی طور پر تلخ لگتے ہیں مگر مستقبل میں ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں ہوتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مردان ہاؤس میں سندھ سے تعلق رکھنے والے پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے ممبران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر شاہی سید نے مزید کہا کہ بدلتے ہوئے حالات کے تناظر میں ہمیں کھلی آنکھوں کے ساتھ فیصلے کرنا ہوں گے، عوامی نیشنل پارٹی شہر میں ایک سیاسی حقیقت ہے، حالات کی سنگینی اور درپیش مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے، تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اچھے فیصلے وہی ہوتے ہیں جو درست وقت پر کئے جائیں، سیاسی مفادات کے بجائے ملک و قوم کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کرنا ہوں گے جس کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو ایک بینچ پر آنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 238605
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش