0
Monday 11 Feb 2013 21:08

صوبہ بحالی کے معاملے میں حکمران عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں، نواز شریف

صوبہ بحالی کے معاملے میں حکمران عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں نئے صوبے کا مطالبہ وہاں کے عوام کی آواز بن چکا ہے، پیپلز پارٹی کو جنوبی پنجاب صوبے سے کوئی دلچسپی نہیں وہ نیا صوبہ نہیں ہیرا پھیری اور افراتفری کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ رحیم یار خان کے علاقے محسن آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو کئی بار حکومت ملی اور صدر زرداری کی موجودہ حکومت کو 5سال ملے لیکن انہوں نے عوام کے لئے کچھ نہیں کیا اگر صدر زرداری دن میں ایک گھنٹہ عوام کے مسائل کے حل کے لئے صرف کرتے تو آج توانائی کا بحران نہ ہوتا اور ملک میں امن و امان کی صورتحال اسقدر خراب نہ ہوتی۔

نواز شریف کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کی طرح سندھ کے عوام بھی یہی کہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے ان کے لئے کچھ نہیں کیا، عوام کے بنیادی مسائل تک حل نہیں کئے، ہر جانب کرپشن اور لوٹ کھسوٹ ہے، کسانوں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے اور ایسی کھاد کس کام کی جس کا آدھا پیسہ کمیشن کی شکل میں وزیروں کی جیب میں چلا جائے۔ نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کو دو، دو سال ہی اقتدار نصیب ہوا لیکن اس میں انہوں نے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کیا لیکن ملک کی ترقی کے لئے کام کرنے والے کو یا تو پھانسی پر چڑھا دیا جاتا ہے یا پھر جبری ملک بدر کر دیا جاتا ہے اگر آئندہ انتخابات کے نتیجے میں ان کی حکومت بنی تو روزگار کے وسائل پیدا کریں گے لیکن اس کے لئے عوام کو اپنی ذمہ داری پوری کرنا ہوگی۔ 

بہت پہلےکہہ دیا تھا کہ بہاولپور صوبہ بحال ہونا چاہیئے۔ صوبہ بحالی کے معاملے میں حکمران دھوکا دے رہے ہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے عوام کو کچھ نہیں دیا لوگوں کو ناکردہ گناہوں کی سزا ملتی رہی ہے۔ صدر آصف زرداری روزانہ اگر ایک گھنٹہ بھی مسائل کو دیکھتے تو بجلی اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے بند نہ ہوتی۔ نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ پاکستان کے مفادات کا خیال رکھا، آئندہ حکومت بنا کر عوام کی حالت بدلیں گے۔ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ لگانے والوں نے عوام کو کچھ نہیں دیا۔ یہاں روٹی، کپڑا اور مکان کا نعرہ کس نے لگایا سب جانتے ہیں، نہ روٹی ملی نہ کسی کو کپڑا اور مکان کا تو پوچھیں نہیں کہاں گیا۔ سربراہ ن لیگ نے کہا کہ ہمیں جتنی حکومت ملی اس میں پاکستان کے عوام کی خدمت کی ہے، اگر 5 سال حکومت کا موقع ملتا تو عوام کی تقدیر بدل دیتے۔
خبر کا کوڈ : 238904
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش