0
Sunday 10 Feb 2013 00:36

انتخابات کا بروقت انعقاد ملک کے استحکام کیلئے انتہائی ضروری ہے، شہباز شریف

انتخابات کا بروقت انعقاد ملک کے استحکام کیلئے انتہائی ضروری ہے، شہباز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ نون لیگ کی مقبولیت سے خائف لوگ عام انتخابات ملتوی کرانا چاہتے ہیں۔ لاہور سے جاری ایک بیان میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کا بروقت انعقاد ملک کے استحکام کے لیے انتہائی ضروری ہے، عوام عام انتخابات ملتوی کرانے کی سازشوں کو ناکام بنا دینگے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے پانچ سال کے دوران میرٹ اور شفافیت کو فروغ دیا، کوئی ہم پر انگلی تک نہیں اٹھا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میٹروبس پراجیکٹ عوام کی سفری مشکلات کو حل کرنے میں مددگار ثابت ہو گا اور اگر عوام نے اعتماد کا اظہار کیا تو جلد بڑے شہروں میں ریپڈ بس پراجیکٹ شروع کیے جائینگے۔

وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی چور 200 ارب روپے لے کر بیٹھے ہوئے ہیں اور حکمران بھنگ پی کر سو رہے ہیں۔ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کالا شاہ کاکو کمیپس میں سینٹر فار اینرجی ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ ملک پر ظلم کی انتہا ہے کہ 200 ارب روپے سمیت 500 ارب روپے کا سرکلر ڈیٹ ہے اور بجلی چوروں سے ڈنڈے کے زور پر پیسا نہیں نکلوایا جا رہا اور قوم کو اندھیرے میں دھکیل دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 5 سال میں حکومت نے ملک میں موجود توانائی کے سستے وسائل کی بجائے کرائے کے بجلی گھروں کی طرف زیادہ توجہ دی اور پیسا خرچ کیا، توانائی کے متبادل ذرائع پر زور دیتے ہوئے وزیراعلٰی نے کہا کہ حکومت توجہ دیتی تو گنے کے پھوک سے 2500 میگاواٹ تک بجلی پیدا ہو سکتی تھی۔

شہبازشریف نے کہا کہ ملک میں توانائی بحران ایک بہت بڑا مسئلہ ہے، کالا باغ ڈیم کی باتیں تو کی جاتی ہیں مگر اس کی تعمیر کے لیے کچھ نہیں کیا گیا، کالا باغ ڈیم پر جب تک کراچی سے پشاور تک قومی اتفاق رائے نہیں ہو جاتا یہ نہیں بن سکتا۔ وزیراعلٰی پنجاب نے کہا کہ ملک میں جاری توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے ہمیں شارٹ ٹرم منصوبوں کی ضرورت ہے۔  اب بھی تمام صوبے چاہیں تو کالا باغ ڈیم بن سکتا ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ کراچی پورٹ پر 950 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کے پلانٹ گل سڑ رہے ہیں، رینٹل منصوبوں میں اربوں روپے ڈبونے کی بجائے کوئلے سے بجلی پیدا کرتے تو قوم توانائی بحران کا شکار نہ ہوتی، انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے کالا باغ ڈیم کو سیاسی مسئلہ بنا دیا گیا، بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے اب بھی دریاوٴں اور نہروں کے ساتھ بائیو گیس کے وسائل سے بھی مدد لی جا سکتی ہے، شہبازشریف نے اعلان کیا کہ ہر ایسے سائنسی ماڈل جس سے صنعتوں اور زراعت کو فائدہ ہو، اس پر 2کروڑ روپے انعام دیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 238467
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش