0
Tuesday 12 Feb 2013 11:31

افضل گورو کی پھانسی، آزاد کشمیر میں یوم احتجاج

افضل گورو کی پھانسی، آزاد کشمیر میں یوم احتجاج
 اسلام ٹائمز۔ سارے کشمیر کی طرح مظفرآباد میں بھی افضل گورو کی شہادت کےحوالے سے یوم احتجاج منایا گیا اور احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی دربار سائیں سہیلی سرکار سے شروع ہو کر اقوام متحدہ کے ابزرومشن کے آفس پر اختتام پذیر ہوئی۔ جس کی قیادت وزیراعظم آزاد کشمیر اور مسلم لیگ نواز کے رہنما نے کی۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ افضل گورو شہید کی میت ان کے ورثا کے حوالے کی جائے۔ وزیراعظم نے افضل گورو کی پھانسی کو عدالتی قتل قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ، اقوام عالم اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے بھارت کے اس بہیمانہ اور جابرانہ اقدام کا سختی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر آل پارٹیز حریت کانفرنس کی قیادت کے ہمراہ اقوام متحدہ کے ابزورمشن گئے جہاں انھوں نے افضل گورو کی پھانسی کے حوالے سے کشمیریوں کی طرف سے یاداشت پیش کی۔ اس یاداشت میں مہذب دنیا کے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بھارت کو کشمیریوں کے حق خودارادیت کی تحریک کو ریاستی دہشت گردی سے کچلنے سے باز رکھے۔ آل پارٹیز حریت کانفرنس کے کنوینر محمود احمد ساغر اور حریت کانفرنس کے مرکزی رہنما بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ 

چوہدری عبدالمجید نے اس موقع پر کہا کہ حق خودارادیت کشمیریوں کا بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حق ہے۔ جسے بھارت نے اقوام متحدہ میں تسلیم کر رکھا ہے۔ اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیریوں کے استصوب رائے کی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے تاکہ کشمیری اپنے مستقبل کا فیصلہ خود سے کر سکیں۔ اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر ہمارا ون پوائنٹ ایجنڈا ہے۔ آرپار کی ساری قیادت اس پر متحد و منظم ہے۔ آزادی کشمیریوں کا پیدائشی حق ہے۔ بھارت کو ریاستی دہشت گردی کے ذریعے اس حق کو سلب نہیں کرنے دیں گے۔
خبر کا کوڈ : 239044
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش