0
Thursday 22 Apr 2010 12:45

بینظیر کے قاتل جلد عوامی عدالت میں ہونگے،صدر زرداری

بینظیر کے قاتل جلد عوامی عدالت میں ہونگے،صدر زرداری
بہاولپور:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کو اختیارات منتقل کر کے وعدے پورے کردیے،بی بی کے قاتل جلد عوامی عدالت میں ہونگے،پیپلزپارٹی کی حکومت کیخلاف محاذ کھولنے والے ناکام ہو گئے،میں نے سیاسی اداکاروں کی زبانیں بند کر دیں،دلوں پر حکومت کرتا ہوں،18 ویں ترمیم کے ذریعے ضیاء الحق اور پرویز مشرف کا گند صاف کر دیا گیا،روٹی، کپڑا،مکان کا نعرہ سچ کر دکھاؤں گا،لوڈشیڈنگ اور مہنگائی کو صبر و تحمل سے برداشت کرنے پر عوام مبارکباد کے مستحق ہیں،نئے صوبے بنانے کا مخالف نہیں،جنوبی پنجاب کو پورا حق دوں گا، چولستان کی اراضی مقامی لوگوں کو دینے کے انتظامات کئے جائیں۔میڈیا کو مکمل آزادی دیتے ہیں، اسے بھی چاہیے کہ وہ بھی حق و سچ کا ساتھ دے۔ 
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو دورہ بہاولپور کے دوران شوگر مل کے افتتاح کے موقع پر مزدوروں کے جلسے سے خطاب اور پیپلزپارٹی کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بہاول پور ایک پسماندہ علاقہ ہے،جس کے سابقہ حکومتوں نے حقوق غصب کئے ہیں،میں بہاول پور کی پسماندگی ختم کرنے کیلئے بھاری پیکج دینے کا وعدہ کرتا ہوں،چولستان کی سرکاری اراضی پر مقامی باشندوں کا حق ہے۔آج سے ساڑھے 12 ایکڑ اراضی مقامی افراد میں تقسیم کرنے کے انتظامات کئے جائیں،ہم انتقال اقتدار عوام کو سونپنا چاہتے ہیں اور مزید صوبے بنانے کے حق میں ہیں، ہم مزید صوبے بنانے کے مخالف نہیں،بہاولپور میرا پسندیدہ ڈویژن ہے۔
جنوبی پنجاب کو بھی اسکا حق دینا چاہتا ہوں بہاول پور اور جنوبی پنجاب میں جلد ہی ترقیاتی کام شروع کر دیئے جائیں گے۔صدر پاکستان نے کہا کہ ہم بہاول پور کے سوکھے دریا ستلج کو پانی دلانے کیلئے انڈیا سے بات کریں گے،بجلی کے بحران پر بھی جلد قابو پا لیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ میں پہلے پاکستانی ہوں اور پاکستان میرا وطن ہے،مجھے اپنے وطن سے بے حد محبت ہے،میں اپنی جان اس ملک کی امانت سمجھتا ہوں اور خداوند تعالیٰ سے پاکستان کی سلامتی کی دعا کرتا ہوں۔صدر کا کہنا تھا کہ اٹھارویں آئینی ترمیم کے ذریعے ضیاء الحق کا گند صاف کر دیا اور حکومت کیخلاف محاذ کھولنے والے ناکام ہو گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ وہ محلوں پر راج نہیں بلکہ دلوں پر حکومت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گڑھی خدا بخش سے بے نظیر بھٹو کی سوچ اور فکر کے ذریعے ملک میں سیاست اور ملک کو چلا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 24221
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش