0
Monday 25 Feb 2013 14:08

عوام امریکی غلام حکمرانوں کے خلاف جماعت اسلامی کاساتھ دے، وسیم اختر

عوام امریکی غلام حکمرانوں کے خلاف جماعت اسلامی کاساتھ دے، وسیم اختر
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کا ہر دن قوم پر بھاری ہوچکا ہے۔ شفاف اور منصفانہ انتخابات ہی تمام مسائل کا حل ہیں۔ بے روزگاری، لاقانونیت، مہنگائی، ڈرون حملے اور کرپشن ترقی کی راہ میں بڑی رکاوٹیں ہیں۔ ملک میں جرائم بڑھ رہے ہیں قتل و غارت گری کا بازار گرم ہے۔ جس کی لاٹھی اس کی بھینس کا قانون رائج ہے۔ حکمرانوں کی غیردانشمندانہ پالیسیوں کے نتیجے میں امیر اور غریب کے درمیان فرق بڑھ رہا ہے۔ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے ہزاروں صنعتی یونٹس بند کردیے ہیں جس کی وجہ سے فاقوں سے تنگ آکر لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایوان صدر سے لے کر نیچے تک ہر ادارہ کرپشن کا گڑھ بن چکا ہے۔ جب تک لوٹ مار کرنے والوں کا کڑا احتساب نہیں کیا جا ئے گا ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا ہے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ایسی پالیسیاں نہ بنائیں جن سے ملک و قوم کو نقصان ہو۔لوگ سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف اٹھ کھڑے ہیں۔ ناقص حکمت عملی کے باعث عوام الناس میں ناامیدی و مایوسی پھیل رہی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ قوم نااہل، کرپٹ اور امریکی غلام حکمرانوں کو مسترد کردے۔ 

انہوں نے کہاکہ مفاہمت کے نام پر آتے جاتے اتحادی اقتدار کے مزے لوٹنے اور عوام کو بے وقوف بنانے میں مصروف ہیں۔ غفلت اور بدعنوانی نے ملک کو تباہ و برباد کردیا ہے۔ بیوروکریسی بے لگام اور سیاسی قیادت بے حس ہوچکی ہے ان کی ترجیحات میں عوام کے مسائل اور مصائب کہیں نظر نہیں آتے۔ ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ باکردار اور محب وطن قیادت کے فقدان نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیاہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام امریکی غلام حکمرانوں کے خلاف جماعت اسلامی کاساتھ دیں۔ جب تک سرمایہ دار، جاگیر دار اور وڈیرے اقتدار پر قابض ہیں عوام کو حقیقی نمائندے نہیں مل سکتے۔ میڈیا مثبت کردار اداکرتے ہوئے عوام میں ووٹ کی طاقت کو اجاگر کرے تاکہ آئندہ آنے والے انتخابات میں حقیقی نمائندے منتخب ہوکر اسمبلیوں میں آئیں۔
خبر کا کوڈ : 242397
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش