0
Tuesday 5 Mar 2013 07:01

دہشت گردوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈائون شروع کرکے بلاتفریق ان کی پناہ گاہوں کا آپریشن کیا جائے، علامہ عبدالخالق اسدی

دہشت گردوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈائون شروع کرکے بلاتفریق ان کی پناہ گاہوں کا آپریشن کیا جائے، علامہ عبدالخالق اسدی
اسلام ٹائمز۔ گزشتہ روز کراچی کے علا قے عباس ٹائون میں ہونے والے بم دھماکے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری کے تین روزہ سوگ کے اعلان اور ملک گیر احتجاجی مظاہروں کی اپیل کے بعد ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیراہتمام کربلا گامے شاہ سے ناصر باغ لاہور تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی، الحاج حیدر علی مرزا، علامہ سید حیدر موسوی، علامہ سید مبارک علی موسوی، علامہ حسنین عارف، علامہ مقصود علی ڈومکی، علامہ محمد اقبال کامرانی اورلاہورکے سیکرٹری سیاسیات سیدحسین زیدی ودیگر نے کی۔ ریلی کے شرکاء نے بینرز، پلے کارڈز اور مجلس وحدت مسلمین کے پرچم ُاٹھا رکھے تھے۔ ریلی کے شرکاء نے گزشتہ روز کراچی میں ہونے والے دھماکے کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ ریلی میں مردوں کے علاوہ خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ 

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے رہنمائوں کا کہناتھا کہ کراچی میں ہونیوالا سانحہ انتہائی المناک اور انسانیت سوزتھا جس میں نہ صرف اہل تشیع شہید ہوئے بلکہ اہل سنت برادران بھی اس دہشت گردانہ واقعے کی نذر ہوئے اس واقعے کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ کراچی کے امن کو مٹھی بھر دہشت گردوں نے خراب کررکھا ہے جبکہ نااہل انتظامیہ ان دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس کاروائی کرنے کی بجائے محب وطن، مخلص اور مظلوم نوجوانوں کو گرفتارکر کے جھوٹے مقدمات میں پھنسا رہی ہے۔ کراچی کی ایک لسانی تنظیم کے ہیڈ کوارٹر میں ایک اعلانیہ دہشت گرد تنظیم کے علاقائی سربراہ کا دورہ اور اُس کے ایک دن بعد اتنے بڑی کاروائی کا ہونا ملکی سلامتی کے اداروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔
 
اس موقع پر رہنمائوں نے مطالبہ کیا کہ کالعدم جماعت کے دہشت گردوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈائون شروع کرکے بلاتفریق ان کی پناہ گاہوں کا آپریشن کیا جائے۔ سانحہ عباس ٹائون میں تباہ ہونے والے ایک سو پچاس مکانات، شہداء اور زخمیوں کے لواحقین کو فوری طور پر امدادی رقوم ادا کی جائیں۔ ملت تشیع پاکستان کی حفاظت کرنے میں ملکی سلامتی ادارے مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں جس کااعتراف خود حکمران کرچکے ہیں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ ملت تشیع کو ملک بھر میں اپنی حفاظت کے لیے اسلحہ کے لائسنس جاری کیے جائیں تاکہ یہ ملت اپنا دفاع کرسکے۔ پاکستان اور دہشت ایک ساتھ نہیں چل سکتے لہذا سیاسی، مذہبی، سول سوسائٹی، حکمران طالبان کے ساتھ کیے جانے والے مذاکرات کے فیصلوں پر نظرثانی کرتے ہوئے ان ملک دشمن عناصر کے خلاف بھرپور کاروائی کی جائے۔ 

اس موقع پر رہنمائوں نے ان دہشت گردوں کی سرپرستی کرنے والی مذہبی و سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کی سرپرستی سے باز آجائیں۔ پنجاب میں کالعدم جماعت اور مسلم لیگ ن کے درمیان گٹھ جوڑ سے صوبے بھر کا امن خطر ے میں ہے۔ وزیرقانون رانا ثناءاللہ کالعدم جماعت کے سرپرست کے طور پر پنجاب میں مخصوص ایجنڈے کے تحت کام کررہے ہیں پنجاب کی حکمران جماعت کو چاہیے کہ اس طرح کی کالی بھیڑوں کو اپنی جماعت سے نکال کر ثابت کرنا ہوگا کہ اُس کا تعلق کالعدم جماعت سے نہیں۔ رہنمائوں نے کہا کہ ابھی تک شبیہ الحسن رضوی، شاکر علی ایڈووکیٹ، اور ڈاکٹر حیدر علی اور اُن کے معصوم بیٹے کے قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا گیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ایک طرف مسلم لیگ ن کے رہنما کالعدم جماعت کے رابطوں سے انکاری ہیں جبکہ دوسری طرف اُنکے وزیرقانون اُن دہشت گردوں کے ساتھ پائے جاتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 244296
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش