0
Wednesday 6 Mar 2013 07:59

وینز ویلا کے صدر ہوگو شاویز چل بسے، ملک میں7روزہ سوگ کا اعلان

وینز ویلا کے صدر ہوگو شاویز چل بسے، ملک میں7روزہ سوگ کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ وینز ویلا کے 58 سالہ صدر ہوگو شاویز 14 برس تک نہایت جراتمندی کے ساتھ اپنے ملک کے حکمران رہنے کے بعد، مقامی وقت کے مطابق منگل کی شام 4 بج کر 25 منٹ پر چل بسے۔ ان کی موت کی تصدیق وینزویلا کے نائب صدر نکولس نے کی۔ ہوگو شاویز 28 جولائی 1954ء کو پیدا ہوئے اور 1999ء سے وینزویلا کے صدر تھے۔ ہوگو شاویز 2 سال سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔ ان کی موت پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ہوگو شاویز وینزویلا کی یونائیٹڈ سوشلسٹ پارٹی کے صدر بھی تھے۔ ان کی موت کے بعد ان کے نائب نے صدارت کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔ فوج کے سربراہ نے بھی انہیں مکمل حمایت کا یقین دلایا ہے۔ شاویز کے حامی غم کی تصویر بنے ہوئے ہیں۔ اور سڑکوں پر نکل کر غم کا اظہار کر رہے ہیں۔ شاویز کی موت سے جنوبی امریکہ ایک جرات مند اور نڈر ہیرو سے محروم ہوگئی ہے۔ 
واضح رہے لاطینی امریکہ کے ملک وینزویلا کے صدر شاویز امریکہ کی آنکھوں کا کانٹا تھے اور اسی قدر مشترک کی وجہ سے ایران کے ساتھ انکے گہرے روابط تھے۔ چنانچہ انکی موت سے امریکہ اپنے ایک زبردست حریف جبکہ ایران اپنے ایک مخلص دوست سے محروم ہوگیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق لاطینی امریکہ کے ملک وینزویلا کے صدر ہیوگو شاویز انتقال کرگئے۔ اٹھاون سالہ صدر شاویز کینسر میں مبتلا تھے۔ ان کے انتقال پر ملک بھر میں سات روز کے سوگ اور پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ صدر ہیوگو شاویز کے انتقال کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس کے بعد ہزاروں لوگ سوگ منانے گھروں سے نکل آئے اور ملٹری اسپتال کے باہر جمع ہوگئے جہاں شاویز زیرعلاج تھے۔ اس موقع پر شاویز کے حامی شدت غم سے نڈھال تھے اور لوگ دھاڑیں مار مار کر رو رہے تھے۔ شاویز کے حامیوں کا کہنا تھا کہ شاویز انقلاب کی جو شمع روشن کر کے گئے ہیں اسے بجھنے نہیں دیا جائے گا۔ شاویز کی میت ملٹری اسپتال سے ملٹری ہال منتقل کی جائے گی جہاں اسے جمعے تک عام دیدار کے لئے رکھا جائے گا۔ شاویز کی تدفین جمعہ کو کی جائے گی۔ ملکی آئین کے تحت نیشنل اسمبلی کے صدر قائم مقام صدر کے فرائض اس وقت تک انجام دیں گے جب تک صدارتی انتخابات نہیں ہو جاتے۔ صدارتی انتخابات تیس دن کے اندر کرائے جانے کا امکان ہے۔
خبر کا کوڈ : 244592
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش