0
Monday 18 Mar 2013 22:16

پاکستان شام کے مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے، صدر زرداری

پاکستان شام کے مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کو تیار ہے، صدر زرداری
اسلام ٹائمز۔ ایوان صدر میں مصری صدر محمد مرسی نے اپنے پاکستانی ہم منصب آصف علی زرداری سے ون آن ون ملاقات کی۔ صدارتی ترجمان کے مطابق اس موقع پر صدر زرداری نے پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے مصری عوام کو کامیاب جمہوری جدوجہد پر مبارکباد دی اور پاکستان اور مصر کے مابین حقیقی تعلقات قائم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا، صدر نے کہا کہ عالمی سطح پر مصر اور پاکستان دو اہم ممالک ہیں، اس لئے دونوں عالمی اور علاقائی معاملات پر مشاورت جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک تعلقات کو تجارت اور سرمایہ کاری کی سطح پر نئے سرے سے استوار کریں گے اور رواں سال کے آخر میں مشترکہ وزارتی کمیشن پاکستان میں اجلاس کرے گا، دونوں ممالک کے درمیان اعلٰی سطح کے وفود کا تبادلہ کیا جائے گا۔

صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ شام کی خودمختاری کا احترام کیا جانا چاہئے، پاکستان شام کے مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ صدر زرداری کا تقریب سے خطاب میں کہنا تھا کہ مصر کے ساتھ تعلقات میں ہر سطح پر وسعت چاہتے ہیں، اختلافات ختم کرکے شام کے مسئلے کا حل نکالنا چاہئے۔ اس موقع پر مصری صدر محمد مرسی کا کہنا ہے کہ مصر پاکستان کے ساتھ مستحکم تعلقات چاہتا ہے۔ مصری صدر محمد مرسی نے کہا کہ ان کا دورہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے کے مصر کے عوام کے عزم کا حصہ ہے۔ اس سے قبل وفود کی سطح پر ملاقات کے دوران دونوں ممالک میں باہمی تعاون کے 8 معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کئے گئے، دونوں ممالک میں صنعتی، ٹیکنیکی، ترسیل زر، محکمہ ڈاک، میڈیا، بینکنگ، دفاعی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور ایم او یوز پر دستخط کئے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 247598
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش