0
Monday 18 Mar 2013 22:24
پاک مصر صدور ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری

شام میں فریقین تشدد کے بجائے قومی مذاکرات سے مسائل حل کریں

شام میں فریقین تشدد کے بجائے قومی مذاکرات سے مسائل حل کریں
اسلام ٹائمز۔ دفتر خارجہ نے پاک مصر صدور ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا ہے، اعلامیے کے مطابق دونوں ملکوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے تحت آزاد فلسطینی ریاست کی حمایت کا اعلان کیا۔ دونوں ملکوں کے صدور نے آزاد خود مختار فلسطینی ریاست کے قیام کو علاقائی امن کا ضامن قرار دیا۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں ملکوں نے شام میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور تشدد کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے فریقین سے تشدد ختم کرکے قومی مذاکرات کا آغاز کرنے اور تنازعات کو سیاسی طریقہ سے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ دونوں صدور کا کہنا تھا کہ پاکستان اور مصر علاقائی امن کے لئے مل کر کردار ادا کریں گے۔ مسلم امہ کے مسائل کے حل کے لئے دونوں ممالک نے باہمی رابطے پر بھی اتفاق کیا۔

اعلامیے کے مطابق پاک مصر صدور نے باہمی تعلقات کے نئی جہتوں کے آغاز کا اعادہ کیا اور اعلٰی سطح کی سیاسی مشاورت کو علاقائی و عالمی امن کے لئے ناگزیر قرار دیا۔ دونوں صدرو نے باہمی روابط کے مزید فروغ کے لئے سربراہی اجلاسوں پر بھی اتفاق کیا۔ مشترکہ اعلامیے کے مطابق دونوں صدور نے تجارتی روابط اور اقتصادی تعاون میں پرجوش کردار ادا کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ دونوں جانب سے پاک مصر مشترکہ بزنس کونسل کے قیام کو خوش آئند قرار دیا گیا اور کونسل کا افتتاحی اجلاس جلد منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق پاک مصر مشترکہ وزارتی کمیشن کا چوتھا اجلاس رواں سال کے آخر میں اسلام آباد میں ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 247613
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش