0
Friday 22 Mar 2013 21:58

نگراں سیٹ اپ کا فیصلہ اگر غیر سیاسی لوگوں نے کرنا ہے تو سیاستدانوں کا کیا فائدہ، حلیم عادل شیخ

نگراں سیٹ اپ کا فیصلہ اگر غیر سیاسی لوگوں نے کرنا ہے تو سیاستدانوں کا کیا فائدہ، حلیم عادل شیخ
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ق کے صوبائی صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں مرضی کی نگراں حکومت مسلط کرنے کی کوشش میں جمہوریت کو نہ بھولیں۔ نگراں سیٹ اپ کا فیصلہ اگر غیر سیاسی لوگوں نے ہی کرنا ہے تو سیاستدانوں کا کیا فائدہ، معاملہ کا التواء سیاسی شعبدہ بازی سے بڑھ کر کچھ نہیں۔ حکومت ختم مفاہمت ختم کی پالیسی پر گامزن جماعتوں کا فیصلہ عوام کرے گی۔ کسی کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنا مفاہمت کے نام پر منافقت ہے، مفادات کی کشمکش میں مصروف بڑے بڑے برج عام انتخابات میں ڈھیر ہوجائیں گے۔ سندھ بھر میں جلسوں اور نئے پروگراموں کی حکمت عملی طے کرلی۔ ان خیالات کا ظہار انہوں نے مسلم لیگ کے صوبائی سیکرٹریٹ میں مسلم لیگ ق سندھ کے جنرل سیکرٹری بابو سرور سیال، خان بہادر شر، بانو صغیر صدیقی، افشاں عمران اور حیدر آباد سے آئے ہوئے لیگی کارکنوں کے وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ ملاقات میں عام انتخابات کے حوالے سے مشاورت کا عمل بھی طے پایا گیا جس میں سندھ کے جنرل سیکرٹری بابو سرور سیال کی سربراہی میں 7 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی جو انتخابات میں حصہ لینے والے عہدیداران و کارکنان سے ان کی درخواستیں وصول کریں گے۔
 
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ میں نگراں وزیر اعلیٰ کیلئے ہمیں مشاورت سے دور رکھا گیا جس کی وجہ سے عوام وسوسوں کا شکار ہے کہ نگراں حکومت کا ٹائم فریم 2ماہ ہے یا پھر اور آگے۔ انہوں نے کہا کہ قوم جانتی ہے کہ ملک بنانے والے کون ہیں اور بگاڑنے والے کون، اب گیند عوام کے کورٹ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ہر مشکل وقت میں پیپلز پارٹی کا ساتھ صر ف اس لیے دیا کہ ان کی مشکلات سے کہیں پاکستان کی سلامتی کو نقصان نہ پہنچے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم نے پی پی پی کا نہیں بلکہ پاکستان کی بقاء اور سلامتی کاساتھ دیا اور اس سے انحراف کرنے پر قوم نے دیکھ لیا ہے کہ پارلیمنٹ کے ختم ہونے کے ساتھ جیسے ہی انہوں نے اپنی روش کو بدلا تو آج پی پی پی انتہائی مشکلات کا شکار ہو چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو اعتماد میں لئے بغیر شفاف الیکشن کے مقاصد حاصل نہیں ہوں گے۔ مسلم لیگ (ق) سندھ بھر سے ازسر نو اپنی سیاسی طاقت اور نئی حکمت عملی کا آغاز کر رہی ہے جس کے لئے ہماری عوامی کارکردگی اور سندھ کے محنت کشوں کی بھرپور حمایت ہمارے ساتھ ہے۔
خبر کا کوڈ : 248409
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش