0
Saturday 23 Mar 2013 01:54

عوامی نیشنل پارٹی آنے والے انتخابات میں سندھ بھر سے امیدوار کھڑے کرے گی، شاہی سید

عوامی نیشنل پارٹی آنے والے انتخابات میں سندھ بھر سے امیدوار کھڑے کرے گی، شاہی سید
اسلام ٹائمز۔ عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے تھنک ٹینک کا اجلاس سینیٹر شاہی سید کی قیادت میں مردان ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورت حال اور عام انتخابات کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی آنے والے انتخابات میں شرکت کرے گی اور سندھ بھر سے اپنے امیدوار کھڑے کرے گی، درپیش مشکلات کی واحد وجہ پارلیمنٹ میں قومی نمائندگی کی کمی ہے، کارکنان الیکشن کی تیاریاں شروع کردیں، قومی وجود اور سیاسی بقاء کے لیے تمام مظلوم قومیتیں بالخصوص پختون عوام ووٹ کا صحیح استعمال قومی فریضہ سمجھ کر کریں، اسفند یار ولی خان کی قیادت میں ملک بھر خاص طور پر صوبہ سندھ سے اہم سیاسی قوت بن کر ابھرے گی، پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواستیں بروز پیر 25 مارچ تک وصول کی جائیں گی، خواہش مند اپنی درخواست مردان ہاؤس میں پارلیمانی بورڈ کے پاس جمع کروائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی سندھ نے پارلیمانی بورڈ تشکیل دیدیا ہے، بورڈ کے چیئرمین سینیٹر شاہی سید ہوں گے جب کے ممبران میں پیر ریاض گل، الطاف خان، سید حنیف شاہ اور شاہد علی خان ہوں گے اور ایپلٹ بورڈ اورنگ زیب خان، سلطان مندوخیل اور بشیر جان پر مشتمل ہوگا۔ اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی ملک میں جمہوری تسلسل پر یقین رکھتی ہے، درپیش سنگین خطرات کے باوجود انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے، الیکشن کا انعقاد ملک کی بقاء کی خاطر ناگزیر ہے، عوام کو اپنے نمائندے منتخب کرنے کا بھرپور موقع ملنا چاہیے اور اگر کسی بھی صورت میں الیکشن کے التواء کی کوشش کی گئی تو ہم اس کی بھرپور مخالفت کریں گے، ملک کے مسائل کا حل صرف جمہوریت کے تسلسل میں پنہاں ہے۔
خبر کا کوڈ : 248571
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش