0
Thursday 11 Apr 2013 23:21

کالعدم تنظیموں کے دہشتگرد، مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں، پیپلز پارٹی

کالعدم تنظیموں کے دہشتگرد، مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں، پیپلز پارٹی
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ الیکشن سیل نے حکومت کی جانب سے صدر پی پی پی سندھ اور سابق وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ کو سیکیورٹی فراہم نہ کرنے پر سخت احتجاج کیا ہے۔ الیکشن سیل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اہم سیاسی شخصیات کو سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ الیکشن سیل کا کہنا ہے کہ جب اس سلسلے میں ایک پالیسی بنائی جا چکی ہے تو اس کے بعد قائم علی شاہ کی سیکیورٹی واپس لینے کا آخر کیا مقصد ہے؟ کیا حکومت کسی بڑے سانحہ کے رونما ہونے کا انتظار کر رہی ہے۔
 
اپنے بیان میں الیکشن سیل پیپلز پارٹی سندھ نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دوسرے رہنماﺅں کو سینکڑوں افراد کی سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے جبکہ کالعدم دہشت گرد گروہوں سے ان کی نظریاتی یکجہتی کے باعث نہ پہلے ان کو کبھی خطرہ رہا ہے نہ اس وقت کوئی خطرہ ہے۔ جن تنظیموں پر ان کی دہشت گرد کارروائیوں کے باعث پابندی لگائی گئی ہے ان کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے رہنماء ضمنی انتخابات میں کھل کر مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم میں ان کے شانہ بشانہ رہے ہیں اور حالیہ انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر حصہ لے رہے ہیں۔

الیکشن سیل پی پی پی سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور دوسری ترقی پسند جماعتوں کے رہنماء اور کارکنان ان ہی کالعدم تنظیموں کی دہشت گردانہ کاروائیوں کا نشانہ بنتے رہے ہیں اور اب بھی انہی ترقی پسند جماعتوں کو انتہاء پسندوں کی جانب سے انتخابی مہم چلانے پر کھلی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ اس پس منظر میں پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سے سکیورٹی واپس لے لینا صرف جانبداری ہی نہیں بلکہ دہشت گرد تنظیموں کی حوصلہ افزائی بھی ہے۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت پیپلز پارٹی کی صوبائی قیادت اور اہم رہنماﺅں کو بلاتاخیر سکیورٹی فراہم کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 253547
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش