0
Thursday 18 Apr 2013 00:29

سندھ حکومت نے ایران کو زلزلہ متاثرین کیلئے ہر ممکن مدد و تعاون کی پیشکش کر دی

سندھ حکومت نے ایران کو زلزلہ متاثرین کیلئے ہر ممکن مدد و تعاون کی پیشکش کر دی
اسلام ٹائمز۔ نگراں وزیراعلٰی سندھ جسٹس (ر) زاہد قربان علوی سے اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل مہدی سبحانی نے بدھ کو وزیراعلٰی ہاﺅس میں ملاقات کی اور ان سے آئندہ ہونے والے انتخابات، ملک کی مجموعی باالخصوص صوبہ سندھ کی صورتحال سمیت مختلف باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ نگراں وزیراعلٰی سندھ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے ہمیشہ برادرانہ اور دوستانہ اور اچھے تعلقات رہے ہیں۔ نگراں وزیراعلٰی سندھ نے گذشتہ روز ایران میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں متعدد قیمتی انسانی جانیں ضائع ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے قونصل جنرل سے کہا کہ مصیبت اور دکھ کی اس گھڑی میں ہم آپ کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے سندھ حکومت کی جانب سے ایران میں زلزلے کے متاثرین کی مدد کے سلسلے میں ہر ممکن مدد اور تعاون کی پیشکش بھی کی۔ نگراں وزیراعلٰی سندھ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین تجارتی سطح پر کافی گنجائش موجود ہے اور پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور ایگرو بیسڈ انڈسٹری کو زیادہ سے زیادہ فروغ دے کر ہم بہتر نتائج حاصل کرسکتے ہیں اور نقد فصلوں کو برآمد کرکے بھاری زرمبادلہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت کو جدید سائنسی خطوط پر استوار کرکے ترقی دینے کی ضرورت ہے، جس سے فصلوں کی زیاد ہ پیداوار حاصل ہوسکے گی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل جنرل مہدی سبحانی نے اس موقع پر کہا کہ ایران میں گندم، پھل، چاول، گوشت اور ٹیکسٹائل مصنوعات کی بہت زیادہ طلب ہے اور پاکستان مذکورہ اشیاء بڑے پیمانے پر برآمد کرسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن کا منصوبہ جلد مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ 1200 کلومیٹر میں سے 900 کلومیٹر کا کام مکمل ہوچکا ہے اور امید ہے کہ 2014ء میں پاکستان کے لوگ گیس کی سہولت سے مستفیض ہوسکیں گے۔ ایرانی قونصل جنرل نے مزید بتایا کہ ایران نے کراچی ۔ تہران پرواز کے ساتھ ساتھ کراچی۔ مشہد براہ راست پروازیں بھی شروع کیں ہیں، جس سے دونوں ممالک کے لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا ہوگئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گذشتہ چند ماہ میں 50 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو ایران کے ویزے جاری کئے گئے۔ انہوں نے نگراں وزیراعلٰی سندھ سے حالیہ انتخابات کے حوالے سے بھی بات چیت کرتے ہوئے حکومت ایران کی جانب سے ہر ممکن مدد اور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ نگراں وزیراعلٰی سندھ نے انتخابات کے حوالے سے بتایا کہ نگراں حکومت کی اولین ترجیح صاف، شفاف اور غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد ہے اور اس مقصد کے لئے نگراں حکومت الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ساتھ ہر ممکن مدد اور تعاون اور مکمل سپورٹ کرے گی اور انشاءاللہ پر امن اور شفاف الیکشن کے انعقاد کو یقینی بنائیں گے۔ آخر میں نگراں وزیراعلٰی سندھ نے ایران کے قونصل جنرل کو سندھ کے روائیتی تحائف سندھی ٹوپی اور اجرک پیش کی۔
خبر کا کوڈ : 255279
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش