0
Sunday 12 May 2013 18:04

خیبر پختوانخواہ میں آئیڈیل حکومت کرکے دکھائیں گے، عمران خان

خیبر پختوانخواہ میں آئیڈیل حکومت کرکے دکھائیں گے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کا افسوس ہوا اور اسکے شواہد اکٹھے کریں گے، انتخابات میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے، ہار کا دکھ ہوا لیکن نوجوانوں کا جنون اور جذبہ دیکھ کر اسے بھول گیا، موقع ملا تو خیبرپختوانخواہ میں آئیڈیل حکومت کرکے دکھائیں گے، قوم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ اپنے مستقبل اور تقدیر کا فیصلہ اپنے ہاتھ میں لیں گے اور تاریخ کے سب سے بڑے ٹرن آؤٹ پر قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، نئے پاکستان کی بنیاد رکھی گئی ہے اسے بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے، تحریک انصاف وائٹ پیپر جاری کرے گی۔

ان خیالات کا اظہارا نہوں نے عام انتخابات کے بعد اپنے پہلے ویڈیو پیغام میں کیا۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستانی قوم میں سیاسی شعور بڑھا ہے اور انتخابات کی صورت میں بڑا زبردست جمہوری عمل ہوا، انتخابات میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ ان لوگوں نے بھی ووٹ کاسٹ کئے جو اس سے پہلے کبھی بھی پولنگ اسٹیشن نہیں گئے، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ قوم نے اپنے مستقبل اور تقدیر کا فیصلہ اپنے ہاتھ میں لینے کا فیصلہ کر لیا ہے جو بڑی خوشگوار تبدیلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں نوجوانوں کا جوش و خروش دیدنی تھا، مجھے سترہ سال کی سیاست میں جو خوشی ملی وہ نوجوانوں کا جنون تھا، انتخابات میں ہار کا دکھ ہوا لیکن نوجوانوں کا جوش و جذبہ دیکھ کر اسے بھول گیا اور میں نوجوانوں اور خواتین کا شکر گزار ہوں۔

تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم نے نئے پاکستان کی بنیاد پر رکھ دی ہے اور ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شہروں میں دھاندلی کی اطلاعات ہیں، الیکشن کمیشن نے خود تسلیم کیا کہ کراچی میں گڑ بڑ ہوئی ہے، ہم دھاندلی کے شواہد اکٹھے کر رہے ہیں اور وائٹ پیپر جاری کریں گے۔ انہوں نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ موقع ملا تو خیبر پختوانخوا میں آئیدیل حکومت کرکے دکھائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 263151
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش