0
Tuesday 14 May 2013 09:28

پاکستان کی نئی حکومت مسئلہ کشمیر کو نظر انداز نہیں کر سکتی، سردار یعقوب

پاکستان کی نئی حکومت مسئلہ کشمیر کو نظر انداز نہیں کر سکتی، سردار یعقوب
اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب نے پاکستان میں پرامن آزادانہ اور غیر جانبدارانہ، شفاف انتخابات پر پوری قوم مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ سب کو عوام کے جمہوری فیصلہ کو کھلے دل سے تسلیم کرنا چاہیے۔ کشمیری قوم کی جانب سے میاں محمد نواز شریف کو شاندار کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں اور ان کی مزید کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتا ہوں۔ صدر آزاد کشمیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ میاں نواز شریف مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق پرامن طریقے سے حل کروانے کے لیے کردار ادا کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ مذاکرات میں سابق تجربات کو سامنے رکھا جائے اور کشمیری قیادت کو بھی بات چیت میں شامل کیا جائے۔ مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر بھارت کے ساتھ دوستی، تجارت اور خوشگوار تعلقات بے سود ہوں گے۔ پاکستان کی ساری سیاسی قیادت اور جماعتیں مسئلہ کشمیر کو نظرانداز نہیں کر سکتیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے کشمیر ہائوس صدارتی سیکرٹریٹ اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سردار یعقوب نے کہا کہ میاں نواز شریف کی طرف سے بھارت کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا بیان خوش آئند ہے۔ بھارت کے ساتھ سیز فائر لائن اور تجارت کے سلسلے میں مذاکرات ہوتے رہے ہیں لیکن ہندوستان نے ہمیشہ وقت ضائع کیا اور کبھی مثبت جواب نہیں دیا۔ انھوں نے کہاکہ یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ کشمیری قوم بھارت کے خلاف نہیں۔ ہم اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنا حق خودارادیت مانگتے ہیں۔ بھارت جمہوری ملک ہونے کا دعویدار ہے تو اسے جمہوری اصولوں کی پاسداری بھی کرنی چاہیے۔ انھوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں نافذ کالے قوانین ختم کرے اور وہاں تعینات 7 لاکھ فوج واپس بلا کر پاکستان سے مذاکرات میں سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔

خبر کا کوڈ : 263622
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش