0
Thursday 30 May 2013 00:25

عوام نئی حکومتوں سے کارکردگی کی خواہش اور اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں، لیاقت بلوچ

عوام نئی حکومتوں سے کارکردگی کی خواہش اور اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ انتخابات تو منعقد ہو گئے ہیں لیکن مرکز اور صوبوں میں نئی حکومتوں کے لیے بڑے چیلنج منہ کھولے کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی جنوبی پنجاب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ کراچی اور حیدر آباد میں عملاً انتخابات نہیں ہوئے جس کے خلاف تمام جماعتیں سراپا احتجاج ہیں۔ وفاقی حکومت کے لیے یہ اہم ترین فیصلہ ہوگا کہ ملک میں مستحکم جمہوریت اور پرامن گورننس کے لیے کراچی حیدر آباد میں دوبارہ انتخابات کرانے کا اعلان کرے۔ پاکستان ایٹمی طاقت ہے لیکن اب پاکستان کو کرپشن، بد انتظامی، اقربا پروری اور قانون کی پامالی کے کلچر سے آزاد کرا کے بہت اچھی گورننس دینا ہوگی۔ عوام نئی حکومتوں سے کارکردگی کے خواہشمند ہیں وہ اپنے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔
 

لیاقت بلوچ نے کہاکہ اچھی حکومت اور عوامی مسائل کے حل کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو سات نکاتی چارٹر پر عمل کرناہوگا۔ قانون سب کے لیے برابر، قوم میں طبقاتی تقسیم کا خاتمہ، غربت کا خاتمہ اور غریبوں کی غربت کا مذاق نہ اڑانا، حکومتیں نمائشی، سطحی، وقتی اقدامات، ایڈہاک ازم کی بجائے قومی اور صوبائی ترجیحات کا تعین کر کے مرحلہ وار عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ توانائی بحران پر کنٹرول کیا جائے تاکہ صنعت، زراعت اور تجارت کا پہیہ چلے اور عوام کو روزی اور روزگار ملے۔ ملک میں تعلیم، امن، صحت کی سہولتیں سب کے لیے ہوں، قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم ہو، ٹیکس نظام میں انقلابی تبدیلیاں لائی جائیں، ٹیکس دینے والوں کے اعتماد کو بحال کیا جائے، غریب عوام پر بالواسطہ ٹیکسوں کا بوجھ کم کیا جائے۔ 

انہوں نے کہا کہ جاگیردارانہ نظام اور جاگیردارانہ طرز سیاست کا خاتمہ کیا جائے۔ آٹا، گھی، دالیں، چینی، چائے کی قیمتوں میں 25 فیصد کمی کی جائے اور تنخواہوں کی شرح افراط زر کے ساتھ منسلک کی جائے۔ کرپشن کا خاتمہ اور احتساب کا بااعتماد نظام ہی اچھی حکومت کی راہ ہموار کرے گا۔ انہوں نے کہاکہ امریکی غلامی سے نجات کے لیے ملک دشمن اور قومی سلامتی کے لیے تباہ کن داخلہ اور خارجہ پالیسیاں تبدیل کی جائیں اور خطہ کے لیے صدر اوباما کے نئے ڈاکٹرائن کا موثر جواب دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 268860
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش