0
Saturday 1 Jun 2013 00:05

برطانیہ میں مسلمانوں کیخلاف نفرت انگیز مہم انتہائی قابل مذمت ہے، جماعت اہلسنت

برطانیہ میں مسلمانوں کیخلاف نفرت انگیز مہم انتہائی قابل مذمت ہے، جماعت اہلسنت

اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنت پاکستان کراچی کے تحت جمعہ کو یوم حجاب منایا گیا جس کے تحت مساجد میں جمعہ کے اجتماعات میں احتجاجی قراردادیں منظور کی گئیں۔ مختلف مقامات پر اجتماعات سے مولانا ابرار احمد رحمانی، صوفی حسین لاکھانی، مولانا خلیل الرحمان چشتی، علامہ شاہ عبدالحق قادری، مولانا کامران قادری، محمد الطاف قادری، سید راشد علی قادری، عبدالحفیظ معارفی نے برطانیہ میں مسلمانوں کے خلاف نفرت انگیز مہم، پرتشدد واقعات، مسلم خواتین کے اسکارف کھینچنے، مساجد پر حملے اور دیواروں پر اسلام مخالف نعروں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے برطانوی معاشرے پر سیاہ دھبہ قرار دیا ہے۔ علماء اہلسنت نے کہا کہ انسانی حقوق کی علمبردار برطانوی حکومت کا مسلمانوں کے خلاف ہتک آمیز واقعات کا سخت نوٹس نہ لینا کھلی اسلام دشمنی ہے۔
 
علماء اہلسنت نے کہا کہ برطانوی فوجی کی ہلاکت افسوسناک ہے مگر کسی شخص کے انفرادی فعل پر پوری قوم کے ساتھ نفرت انگیز سلوک کسی طور پر بھی مناسب نہیں۔ کیا بین المذاہب ہم آہنگی کا شور مچانے والوں کو برطانیہ میں مسلمانوں کے خلاف ظلم نظر نہیں آ رہا ہے۔ مقررین نے مزید کہا کہ سیاسی و معاشی طور پر امت مسلمہ دنیا میں محکومی کی زندگی گزار رہی ہے۔ مسلم ممالک وسائل کی فراوانی اور موثر افرادی قوت کے باوجو د سیاسی و معاشی سطح پر دنیا میں بری حیثیت میں ہیں جس کی بڑی وجہ آپس میں یکجہتی و اتحاد کا فقدان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو ذرا بھی احساس ہے تو برطانیہ میں مسلمانوں کی مساجد، جان و مال کے تحفظ کے لئے کردار ادا کریں۔ علماء اہلسنت نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور مسلم حکمرانو ں سے مطالبہ کیا کہ وہ مسلمانوں اور شعائر اسلام کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

خبر کا کوڈ : 269461
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش