0
Monday 24 Jun 2013 18:44

شب برأت آج عقیدت و احترام سے منائی جائیگی، قبرستانوں میں استقبالیہ کیمپ لگنا بھی شروع

شب برأت آج عقیدت و احترام سے منائی جائیگی، قبرستانوں میں استقبالیہ کیمپ لگنا بھی شروع
اسلام ٹائمز۔ شب برأت ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی نہایت عقیدت و احترام سے منائی جائے گی، زائرین قبرستانوں میں اپنے پیاروں کی قبروں پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے۔ مساجد میں شب بیداری، نوافل، درود شریف اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام ہوگا جن میں ملک کی سلامتی و استحکام اور امت مسلمہ کی سربلندی کیلیے خصوصی دعائیں کی جائیں گی، قبرستانوں میں زائرین کی رہنمائی کیلئے استقبالیہ کیمپ لگنا شروع ہوگئے ہیں، مختلف جماعتوں کے تحت خصوصی اجتماعات ہوں گے۔ اس موقع پر جاری ہونے والے اخباری بیانات میں علمائے کرام نے مطالبہ کیا ہے کہ شب برأت کے موقع پر شہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ سے گریز کیا جائے۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے تحت ملک بھر میں شب برأت نہایت عقیدت و احترام اور مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی جبکہ شہر بھر کے قبرستانوں پر جماعت اہلسنّت پاکستان کے زیر اہتمام استقبالیہ کیمپ لگائے جائیں گے۔

شب برأت کا ایک بڑا روح پرور اجتماع میمن مسجد مصلح الدین گارڈن (کھوڑی گارڈن) میں بعد نماز مغرب ہوگا، اجتماع سے علامہ شاہ عبد الحق قادری خطاب کریں گے۔ دعوت اسلامی کے تحت رات تقریباً دس بجے سے عالمی مدنی مرکز فیضان مدینہ سمیت شہر کے 13 مقامات پر اجتماعی ذکر و نعت بسلسلہ شب برات کا آغاز ہوجائے گا، سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے زیر اہتمام شب برأت کا مرکزی اجتماع جامع مسجد امیر حمزہ ناظم آباد پہلی چورنگی پر ہوگا جو رات ساڑھے نو بجے سے ایک بجے تک جاری رہے گا، مرکزی میلاد الائنس پاکستان کے بانی و چیف آرگنائزر محمد سلیم خان قادری ترابی نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ شب برأت کے موقع پر شہر میں لوڈشیڈنگ سے گریز کیا جائے۔

علاوہ ازیں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی محبوب عالم اور سیف الدین خالد نے میونسپل کمشنر بلدیہ غربی قمر شیخ اور سپرنٹنڈنگ انجینئر کے ہمراہ اورنگی زون میں شب برأت کے سلسلے میں الفتح قبرستان، جنت البقیع قبرستان، مرکزی قبرستان پاکستان بازار اور مختلف قبرستانوں میں خصوصی انتظامات کا جائزہ لیا۔ بلدیہ غربی میں موجود تمام قبرستانوں میں صفائی کے بعد جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ بھی جاری ہے۔ انتظامیہ بلدیہ غربی کی جانب سے استقبالیہ کیمپس قائم کئے گئے ہیں۔ شاہ فیصل کالونی میں شب برأت کے موقع پر قبرستانوں اور عبادت گاہوں کے اطراف صفائی و ستھرائی اور روشنی کے حوالے سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 276352
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش