0
Saturday 12 Jun 2010 10:59

ملت جعفریہ کی ٹارگٹ کلنگ حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے،جعفریہ الائنس پاکستان

ملت جعفریہ کی ٹارگٹ کلنگ حکومت کی نااہلی کا ثبوت ہے،جعفریہ الائنس پاکستان
کراچی:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق ملت جعفریہ کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ حکومت سندھ کی نااہلی کا ثبوت ہے،حالیہ واقعات نے وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ کی شخصیت مشکوک کر دی ہے۔ان خیالات کا اظہار جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ سینیٹر علامہ عباس کمیلی،نائب صدر مولانا حسین مسعودی،علامہ فرقان حیدر عابدی،علامہ آفتاب جعفری،علامہ باقر زیدی،سلمان مجتبیٰ اور شبر رضا نے جعفریہ الائنس پاکستان کے زیراہتمام خوجہ مسجد کھارادر،جامعہ مسجد عباس ٹاؤن، جامعہ مسجد شاہ نجف مارٹن روڈ اور دیگر مساجد میں بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
 واضح رہے کہ ملت جعفریہ کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ اور گزشتہ روز انچولی کے علاقے میں پے درپے دو واقعات میں شہید ہونے والے شیعہ نوجوانوں شہزاد رضا اور علی رضا سمیت تمام شہداء کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کے خلاف جعفریہ الائنس پاکستان نے جمعہ کے روز سندھ بھر میں احتجاج کی اپیل کی تھی،جبکہ سندھ میں حیدرآباد،نوابشاہ،دادو،سہون سمیت کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے،جبکہ مرکزی مظاہرہ خوجہ شیعہ اثناء عشری مسجد کھارادر میں کیا گیا۔جہاں سینیٹر علامہ عباس کمیلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک بھر میں کالعدم جماعتیں کھلم کھلا ملت جعفریہ کی نسل کشی میں مصروف ہیں اور حکومت کی خاموشی اس بات کی دلیل ہے کہ وہ صرف ملت جعفریہ کی نسل کشی کے منصوبوں میں کالعدم جماعتوں کی سرپرستی کر رہی ہے۔
 انہوں نے کہا کہ شہر میں ایک گروہ کی جانب سے نکالی جانے والی ریلی اور شیعہ آبادیوں پر اندھا دھند فائرنگ کے دل سوز واقعات نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ حکومت سندھ بالخصوص گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی سے قاصر ہیں،جو کہ صوبے کے امن کیلئے سوالیہ نشان ہے،جبکہ ملت جعفریہ کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ کی جا رہی ہے اور تاحال ایک بھی دہشت گرد گرفتار نہیں کیا گیا۔انہوں نے واضح کیا کہ اگر حکومت نے یہی روش اختیار رکھی اور کالعدم جماعتوں کو لگام نہ دی تو ملت جعفریہ اپنے دفاع کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ ان رہنماؤں نے کہا یہ بات برداشت نہیں کی جائے گی کہ غیرملکی آقاؤں کی ایماء پر کام کرنے والے ایجنٹ پاکستان کی سرزمین کو یرغمال بنا کر رکھیں اور ملت جعفریہ کی نسل کشی کریں۔انہوں نے کہا کہ ملت جعفریہ کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے،حکومت ہوش کے ناخن لے،ورنہ سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔اس موقع پر مظاہرین نے وزیراعلیٰ اور گورنر سندھ کو فوری طور پر برطرف،کالعدم دہشت گرد جماعتوں کے خلاف فوجی آپریشن اور شہر کراچی کو طالبان سے پاک کرنے کا مطالبہ کیا۔
اہل تشیع کی ٹارگٹ کلنگ نہ روکی گئی تو سخت احتجاج ہو گا،ناظر عباس نقوی
روزنامہ جسارت کے مطابق شیعہ علماء کونسل کے رہنما مولانا ناظر عباس نقوی نے جمعہ کو انچولی میں واقع اپنی رہائش گاہ پر ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں اہل تشیع کی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ نہ روکا گیا،تو ملت جعفریہ ملک گیر نہ رکنے والا احتجاج کرے گی۔حالیہ واقعات شیعہ سنی فسادات نہیں،ایک شرپسند ٹولے کو پنجاب کے بعد خفیہ قوتوں نے کراچی میں بھی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ انہوں نے حکومت پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سی سی پی او اور انتظامیہ حالات کو قابو کرنے میں مکمل ناکام ہو گئی ہے۔ اسی صورتحال کے پیش نظر صوبائی وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا کو فی الفور استعفیٰ دے دینا چاہیے۔کراچی میں ٹارگٹ کلنگ میں کالعدم مذہبی تنظیم ملوث ہے جس کی سرپرستی چند وفاقی اور صوبائی وزراء کر رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 28120
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش