0
Wednesday 24 Jul 2013 07:54

کابینہ میرے ساتھ، سازشی اپنا کیا بھگتیں گے، چوہدری مجید

کابینہ میرے ساتھ، سازشی اپنا کیا بھگتیں گے، چوہدری مجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، جمہوری طریقے سے عوامی مینڈیٹ کے ساتھ اقتدار میں آیا ہوں، ساری کابینہ میرے ساتھ ہے، گذشتہ روز مرکزی ایوان صحافت میں یوم سیاہ کی تقریب کے بعد صحافیوں سے مختصر بات چیت میں چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ پارٹی کی مرکزی قیادت کا مجھے مکمل اعتماد حاصل ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے والوں، پارٹی نظریات کو فروخت کرنے والوں اور اپنے محسن و قائد کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔ ہم چھپ کر بات کرنے پر یقین نہیں کرتے۔ پارٹی کیخلاف سازشیں کرنے والوں کیخلاف پارٹی بھی ایکشن لے گی اور عوام بھی انکا چوکوں، چوراہوں میں احتساب کریں گے۔ ہم نے اُصول کی سیاست سیکھی ہے، اُصولوں پر ہی سیاست کریں گے۔ پارٹی ٹکٹ پر الیکشن جیتنے والے اب سازش کرکے ضرور بھگتیں گے۔ 

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں جامع مسجد میں قرآن پاک کی بے حرمتی، نمازیوں کا قتل عام اور حضرت سیدہ بی بی زینب کے مزار کی بے حرمتی عالم اسلام کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ او آئی سی ممالک کانفرنس کا فوری اجلاس طلب کیا جائے اور ان اقدامات کا فوری سختی سے نوٹس لیا جائے۔ یہود اور ہنود کی سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے او آئی سی اپنا کردار ادا کرے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا مستقبل ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم پاکستانیوں سے بڑھ کر پاکستانی ہیں ہم نے قیام پاکستان سے قبل ہی پاکستان کو اپنی منزل قرار دے رکھا ہے۔ کشمیری عوام بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی حاصل کرنے کے لیے اب تک سات لاکھ سے زائد کشمیری شہداء نے اپنے لہو کا نذرانہ دیا۔ کشمیری عوام پاک بھارت تعلقات کے خلاف نہیں مگر کشمیریوں کے خون پر کوئی بھی تعلق قبول نہیں کریں گے۔ پاک بھارت تجارت کریں لیکن کشمیریوں کی لاشوں پر تجارت نہ کی جائے۔ 

چوہدری مجید نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی نکتہ ہونا چاہیے مگر پاکستان کی کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے مسئلہ کشمیر پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم نے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں قرآن پاک کی بے حرمتی، جامع مسجد میں نمازیوں کی شہادت، مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو، حریت قیادت کی نظر بندیاں اور بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بھی ریاست کی چار سوسالہ تاریخ دیکھ لے کشمیریوں نے کبھی بھی باطل کے خلاف سر نہیں جھکایا۔ 

انھوں نے کہا کہ بھارت کی آٹھ لاکھ پیراملٹری فورسز کشمیریوں کی آزادی کا راستہ نہیں روک سکتیں۔ دونوں اطراف کے کشمیریوں کو جدا کرنے والی خونی لکیر مٹ کر رہے گی۔ کشمیر ی بھارت کے غاصبانہ تسلط سے آزادی حاصل کر کے رہیں گے۔ وزیراعظم بھارتی فوج کے ہاتھوں قرآن پاک کی بے حرمتی اور نمازیوں کی شہادت پر آزادکشمیر بھر میں4روزہ سوگ کے اعلان کے موقع پر منعقدہ یوم سیاہ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب سے سپیکر اسمبلی سردار غلام صادق، وزیر اطلاعات سید بازل نقوی، وزیر کالجز مطلوب انقلابی، وزیر تعلیم سکولز میاں عبدالوحید، وزیر جنگلات جاوید ایوب، پارلیمانی سیکرٹری صدف شیخ، چیئرمین ایم ڈی اے اسد حبیب اعوان، ایڈمنسٹریٹر بلدیہ سردار مبارک حیدر، وزیراعظم کے مشیر عارف مغل اور چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی سردار عابد حسین عابد نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 286250
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش