0
Saturday 27 Jul 2013 02:00

جمعة الوداع کو ملک بھر میں یوم القدس منایا جائیگا، مرکزی ریلی کراچی میں نکالی جائیگی، اطہر عمران

جمعة الوداع کو ملک بھر میں یوم القدس منایا جائیگا، مرکزی ریلی کراچی میں نکالی جائیگی، اطہر عمران

اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران نے کہا ہے کہ ہر سال کی طرح رواں سال بھی پاکستان میں امام خمینی (رہ) کے فرمان کے مطابق آئی ایس او پاکستان جمعة الوداع کے روز بھرپور انداز میں یوم القدس منا کر قدس کی آزادی کی تحریک کو جلا بخشے گی۔ رواں سال یوم القدس 23 رمضان المبارک بتاریخ 2 اگست بروز جمعة الوداع منایا جا رہا ہے۔ آئی ایس او پاکستان کے تحت ملک بھر میں ریلیوں، احتجاجی مظاہروں، سیمینارز اور کانفرنسز کی تیاری مکمل کی جاچکی ہیں۔ اسلام آباد، لاہور، سکھر، راولپنڈی، گلگت، بلتستان، پشاور، کوئٹہ سمیت پاکستان کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں مں آزادی قدس ریلیاں نکالی جائیں گی جبکہ مرکزی القدس ریلی کراچی میں نمائش چورنگی سے نکالی جائے گی، ریلی کا اختتام تبت سینٹر پر ہوگا جہاں کانفرنس منعقد ہوگی اور مرکزی خطابات کئے جائیں گے۔ ریلی میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام، طلبہ تنظیموں کے نمائندگان اور سماجی و سیاسی شخصیات بھی شریک ہو کر بیت المقدس کی آزادی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں یوم القدس کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ آئی ایس او سندھ کے صدر کاشف علی اور کراچی کے صدر سید محمد عابدی بھی موجود تھے۔

اطہر عمران نے کہا کہ یوم القدس یوم اللہ، یوم رسول اللہ ﴿ص﴾ اور یوم اسلام ہے جو اس دن کو نہیں مناتا وہ استعمار یعنی امریکہ و اسرائیل کی خدمت کرتا ہے۔ یہ بات امام خمینی (رہ) نے آج سے تیس برس پہلے ارشاد فرمائی اور آج جا کر عالم اسلام نے اس بات کو تسلیم کیا کہ بیت المقدس کا مسئلہ فقط فلسطین کا یا کسی ایک مکتب کا مسئلہ نہیں بلکہ عالم اسلام کا مسئلہ ہے اور بیت المقدس کی آزادی کا واحد حل صرف اور صرف اتحاد و وحدت میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں رواں سال ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے تحت یوم القدس اور یوم استحکام پاکستان منانے کے فیصلے کو ہم خوش آئند قرار دیتے ہیں اور امید ظاہر کرتے ہیں کہ عالم اسلام کے ہر مسئلہ پر اسی اتحاد و حدت کے مظاہر ے کے ساتھ آواز بلند کی جائے گی اور اسی اتحاد کی برکت سے پاکستان کی سرزمین سے بھی استعماری و استکباری قوتوں بالخصوص امریکہ و اسرائیل کا خاتمہ کرکے اپنے پاک وطن پاکستان کو ظالموں کے ناپاک وجود سے پاک کر دیں گے۔

مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان کا کہنا تھا کہ یوم القدس دراصل استعماری طاقتوں اور ظالم کے خلاف صدائے حق بلند کرنے کا دن ہے۔ اس سال آئی ایس او پاکستان کے تحت جمعة الوداع کو یوم القدس کے ساتھ حمایت مظلومین جہاں کے عنوان سے بھی منایا جائے گا۔ اطہر عمران نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان برما، بھارت اور بحرین میں مسلمانوں کے قتل عام پر ان ظالم حکومتوں کے خلاف بھی آواز کو بلند کرتے ہوئے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں ظلم کی شکار انسانیت کی حمایت کا اعلان کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں جاری نام نہاد امریکی و مغربی عوامی بیداری دراصل استعماری بیداری ہے کیونکہ شام عرب ممالک میں وہ واحد ملک ہے جو خطے میں اسرائیل مخالف تنظیموں حماس و حزب اللہ کی اعلانیہ امداد کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان، شام میں امریکی اور اسرائیلی ایماء پر نواسی رسول جناب بی بی سیدہ زینب (س) اور اصحاب رسول (رض) کے مزارت پر حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان اطہر عمران نے پریس کانفرنس کے آخر میں صحافی برادری سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ عالمی یوم القدس کی بھرپور انداز میں کوریج کرکے پاکستان کے مسلمانوں کے فلسطین، بیت المقدس اور دیگر مظلوم مسلمانوں کیلئے جذبات کو مثبت انداز میں نشر کریں، تاکہ مظلوم قوموں کو یہ احساس ہو کہ وہ دنیا میں تنہا نہیں ہیں۔

خبر کا کوڈ : 287184
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش